راولپنڈی اور اسلام آباد میں تعلیمی ادارے کل بھی بند رکھنے کا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) جڑواں شہروں کے نامساعد حالات کے پیش نظر راولپنڈی اور اسلام آباد میں تمام تعلیمی ادارے منگل (26 نومبر )کو بھی بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ نے کہا ہے کہ امن و امان کی صورت حال کے پیش نظر کل تمام سرکاری اور نجی اسکول بند رہیں گے جبکہ آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن نے بھی منگل کو چھٹی کا اعلان کردیا ہے، جلد ہی نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا جائے گا، پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن نے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) احتجاج کے پیش نظرکل بھی اسلام آباد میں سکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
سیکرٹری جنرل پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن عبدالوحید کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے پرائیویٹ سکول کل بھی بند رہیں گے ، موجودہ صورتحال کے پیش نظر بچوں کے لئے رسک نہیں لے سکتے۔
یاد رہے آج بھی اسلام آباد، راولپنڈی ، مری میں تحریک انصاف کے احتجاج کے باعث تعلیمی ادارے بند تھے،آئے روزتعلیمی اداروں کی بندش کے باعث طلبہ و طالبات کی پڑھائی کا شدید حرج ہورہا ہے۔
دوسری جانب والدین نے مطالبہ کیا ہے کہ مسئلے کا مستقل حل نکالا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد: پی ٹی آئی قافلوں کی متوقع آمد، پولیس اور رینجرز نے پوزیشن سنبھال لیں،گرفتاریاں شروع