(ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ قیدیوں کی وین پر حملہ سب ڈرامہ ہے، تھانہ ترنول کے ایس ایچ او نے اپنے ہاتھوں سے وین کے شیشے توڑے ۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے سنگجانی ٹول پلازہ پر قیدیوں کی وین پر ہونے والے حملے کو پولیس کا ڈرامہ قرار دیتے ہوئے اسلام آباد پولیس سے سخت تنقید کی ہے، انہوں نے کہا کہ ملک میں لاقانونیت کا دور دورہ ہے جہاں ہمارے وزراء، ایم این اے اور ورکرز کو ضمانت ملنے کے بعد دوبارہ گرفتار کیا جا رہا ہے۔
علی امین گنڈا پور نے الزام لگایا کہ ترنول کے ایس ایچ او نے اپنے ہاتھ سے قیدی وین کے شیشے توڑے اور ایک ڈرامہ رچایا کہ قیدی فرار ہو رہے ہیں، ہمارے پاس اس واقعے کے ثبوت بھی ہیں اور ویڈیو بھی موجود ہے۔
وزیراعلیٰ کے پی کے نے وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے ڈرامے نہ کیے جائیں، اگر قیدیوں کو گرفتار کیا ہے تو انہیں خیریت سے پہنچایا جائے، انہوں نے واضح کیا کہ کسی کو بھی نقصان پہنچنے کی صورت میں ترنول کے ایس ایچ او، ڈی پی او، ڈی آئی جی اور آئی جی ذمہ دار ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ایک اور لیگی رکن اسمبلی کابینہ میں شامل
واضح رہے کہ قیدیوں کی وین پر حملے کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب اسلام آباد کے سنگجانی ٹول پلازہ پر قیدیوں کو منتقل کرنے والی 3 گاڑیوں پر نامعلوم افراد نے حملہ کیا، حملے کے نتیجے میں پی ٹی آئی کے 3 ایم پی ایز سمیت متعدد قیدی فرار ہو گئے، بعد ازاں پولیس نے تمام قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کر لیا، اس حملے میں کئی پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے، پولیس کی جانب سے 4 حملہ آوروں کو بھی گرفتار کر لیا۔