خلا میں پھنسے خلابازوں کی واپسی کب ممکن ہے؟ اہم خبر آگئی
دونوں خلاباز 8 روزہ مشن پر خلا میں گئے اور وہیں پھنسے رہ گئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)امریکی خلائی ادارے ناسا نے کئی ہفتوں سے خلا میں پھنسے دو خلابازوں کو واپس زمین پر لانے کے لیے اسپییس ایکس کا ڈریگن کیپسول استعمال کرنے کا فیصلہ کرلیا، جوکہ ایئر مینوفیکچررز بوئنگ کے لیے ایک نیا جھٹکا ہے۔
دو ماہ سے زیادہ عرصے سے خلا میں پھنسے ناسا کے دو خلابازوں کو اب فروری سنہ 2025 میں اسپیس ایکس کی خلائی گاڑی کے ذریعے زمین پر واپس لایا جائے گا۔
ناسا نے کہا کہ خلاباز سنیتا ولیمز اور بیری ولمور نے جس بوئنگ اسٹار لائنر خلائی جہاز سے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) تک سفر کیا تھا اب وہ "خالی" واپس آئے گا.ایجنسی کا کہنا ہے کہ اسے بوئنگ کے سٹار لائنر کیپسول پر اعتماد نہیں ہے، جوا ب بغیر کسی انسان کے زمین پر واپس آئے گا۔
دونوں خلاباز اس وقت تک بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر ہی رہیں گے، یہ دونوں خلاباز رواں سال 5 جون کو آٹھ روزہ مشن پر روانہ ہوئے تھے لیکن اب وہ وہاں مدار میں تقریباً آٹھ ماہ گزاریں گے۔
61 سالہ بیری اور 58 سالہ سُنیتا بوئنگ کے اسٹار لائنر کے ذریعے بین الاقوامی اسپیس سٹیشن گئے تھے، یہ اپنے طرز کی ایک تجرباتی فلائٹ تھی جس میں پہلی مرتبہ انسانوں کو بھیجا گیا تھا۔
تاہم دونوں خلاباز کو لے جانے والے اسٹار لائنر کو انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن کے راستے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ تمام چیزیں منصوبے کے مطابق نہ ہو سکیں اور خلا باز خلا میں پھنس گئے۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور اسلام آباد موٹروے پر سفر کرنے والے افراد خبردار
ان کی خلائی گاڑی کو جو مشکلات پیش آئيں ان میں ہیلیئم لیک بھی شامل ہے، ہیلیئم کے ذریعے ایندھن کو پروپلشن سسٹم میں دھکیلا جاتا ہے، اس کے علاوہ کئی تھرسٹرس (خلائی جہاز کے ساتھ نصب کیے گئے راکٹ) بھی ٹھیک سے کام نہیں کر رہے تھے۔
چنانچہ یہ خدشہ ظاہر کیا جانے لگا تھا کہ بیری اور سنیتا غیر معینہ مدت کے لیے خلا میں ہی پھنسے رہ سکتے ہیں اور شاید انھیں کرسمس اور نئے سال کی شام بھی خلا میں ہی گزارنا پڑے۔
جون کی پرواز بوئنگ کے اسٹار لائنر کا پہلا عملے والا مشن تھا جو آئی ایس ایس پر بھیجا گیا، یہ ایک اہم منصوبہ ہے جس کا مقصد ناسا کے ساتھ ایلون مسک کی اسپیس ایکس کے معاہدوں کا مقابلہ کرنا تھا,ایلون مسک کی اسپیس ایکس 2020 سے آئی ایس ایس کے لیے عملے کو لے جا رہی ہے۔
چار افراد پر مشتمل عملہ بھیجنے کی بجائے اب اسپیس ایکس ستمبر کے آخر میں ڈریگن کو اسٹیشن پر بھیجتے ہوئے صرف دو کو لے جائے گا، یہ عملہ ، جس میں ولیمز اور ولمور شامل ہوں گے فروری 2025 میں زمین پر واپس آئیں گے۔