یکم ستمبر سے پٹرول  فی لٹر کتنا سستا ہوگا؟اہم خبر آ گئی

Aug 26, 2024 | 11:58:AM
 یکم ستمبر سے پٹرول  فی لٹر کتنا سستا ہوگا؟اہم خبر آ گئی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)مہنگے پٹرول سے پریشان عوام کیلئے خوشخبری ، ملک میں یکم ستمبر سے پٹرول سستا ہونے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق اوگرا اور آئل مارکیٹ نے پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کے حوالے سے ورکنگ مکمل  کر لی جس کے تحت یکم ستمبر سے پٹرول 5 روپے فی لٹر سستا ہو سکتا ہے اسی طرح ڈیزل کے نرخ 6 روپے فی لٹر کم ہو سکتے ہیں، عالمی مارکیٹ میں خام تیل کے نرخوں میں کمی کا اثر پٹرولیم مصنوعات پر آئے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ  عالمی سطح پر خام تیل کی قیمت 79 بیرل تک آچکی ہے، 30اگست تک عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں کا جائزہ لیا جائے گا،31 اگست کو پٹرولیم مصنوعات سے متعلق حتمی سمری بھجوائی جائے گی۔

 وزیر خزانہ محمد اورنگزیب وزیراعظم شہباز شریف سے مشاورت کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: کمال ہو گیا،مرغی سستی،فی کلو قیمت میں حیران کن کمی

ادھر کرنسی کی قدر میں 15 ہفتے کے دوران امریکی ڈالر کے مقابلے میں 25 سینٹس بڑھی،ایکس ڈپو پیٹرول کی قیمت فی لٹر 260 روپے 96 پیسے اور ڈیزل کی قیمت 266 روپے 7 پیسے فی لیٹر ہے، 14 اگست سے نافذ العمل قیمتوں کے تعین کے آخری جائزے میں حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بالترتیب 8.47 روپے اور 6.70 روپے فی لیٹر کمی کر دی تھی۔اس طرح گزشتہ 2بار پیٹرول اور ڈیزل کے نرخوں میں کل کمی بالترتیب 14.64 روپے اور 17.56 روپے فی لیٹر ہوگئی، 31 جولائی کو 6.17 روپے اور 10.86 روپے فی لیٹر سستا کیا گیا تھا۔حکومت نے اگلے مالی سال میں 12 کھرب 80 ارب روپے اکٹھے کرنے کے لیے فنانس بل میں پیٹرولیم لیوی کی زیادہ سے زیادہ حد بڑھا کر 70 روپے فی لیٹر کر دی تھی جبکہ گزشتہ مالی سال کے دوران 10 کھرب 19 ارب روپے وصول کیے گئے تھے، جو 869 ارب روپے کے ہدف سے تقریباً 150 ارب روپے زیادہ ہے۔

اس وقت حکومت پیٹرول اور ڈیزل پر تقریباً 78 روپے فی لیٹر ٹیکس وصول کر رہی ہے، تاہم تمام پیٹرولیم مصنوعات پر جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) صفر ہے، حکومت پیٹرول اور ڈیزل پر تقریباً 18 روپے فی لیٹر کسٹم ڈیوٹی بھی لے رہی ہے، مزید برآں آئل کمپنیوں اور ان کے ڈیلرز کو فی لیٹر ڈسٹری بیوشن اور سیل مارجن کی مد میں تقریباً 17 روپے جا رہے ہیں۔