9 مئی عمران خان کی سازش تھی، مجرمان کو شواہد کی بنیاد پر سزائیں سنائی گئیں، عطا تارڑ

Dec 26, 2024 | 17:55:PM
9 مئی عمران خان کی سازش تھی، مجرمان کو شواہد کی بنیاد پر سزائیں سنائی گئیں، عطا تارڑ
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سانحہ 9 مئی عمران خان کی سازش تھی،بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) اور ان کے رفقا نے 9 مئی کی منصوبہ سازی میں حصہ لیا، آج فوجی عدالتوں سے ملک دشمنوں کا خواب پورا کرنے والے مجرموں کو سزائیں دی گئیں، 9 مئی کے منصوبہ سازوں کو بھی سزائیں ملنی چاہئیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ 9 مئی میں ملوث ہونے والوں کو سزا ملی، آج سزا پانے والوں میں وہ بھی شامل ہے جس نے کور کمانڈر کے گھر میں گھس کر توڑ پھوڑ کی تھی جس نے وردی کی بے حرمتی کی تھی  جس نے اہلکاروں پر تشدد کیا تھا جس نے گیٹ توڑا تھا  جس نے ٹی وی توڑا تھا، یہ سب وہ لوگ ہیں، جنہوں نے ملک دشمنوں کے خواب کو پورا کیا تھا۔

عطا تارڑ نے کہا کہ 60 مجرمان کی سزا کا فیصلہ عجلت میں نہیں کیا گیا، 9 مئی کی سازش کے ماسٹر مائنڈ بانی پی ٹی آئی عمران خان تھے، 2 سال تک کیس چلانے کے دوران انصاف کے تمام تقاضے فراہم کیے گئے، آج انصاف کا بول بالا ہوا ہے، آج کے بعد کوئی شخص جرات نہیں کرے گا کہ وہ دفاعی تنصیبات پر حملہ کرے، ایسا خواب پورا کرنے کی کوشش کرے، جو ہمارے دشمن دیکھتے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ فوجی عدالتوں میں تمام ملزمان کو فیئر ٹرائل کا حق دیا گیا، وکیل فراہم کیا گیا، فیملی تک رسائی دی گئی، کوئی شخص کورٹ کے سامنے موجود نہیں تو اس کا ٹرائل نہیں کیا جاسکتا، ابھی سز اپانے والوں کے پاس اپیل کے 2 حقوق باقی ہیں۔

 ان کا کہنا تھا کہ جرم اتنا بڑا تھا، اس سے چھپا نہیں جاسکتا، اس سے بھاگا نہیں جاسکتا، تمام فوٹیجز موجود ہیں کہ کون کہاں کیا کچھ کرتا رہا، شہدا کی یاد گاروں پر حملےکی اجازت نہیں دی جاسکتی، آج تمام ملزمان کو وکیل کا حق دیا گیا، ملزمان کے خلاف ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ 9 مئی پاکستانی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، آج پاکستان اور ملک کے دفاع اور سلامتی کے لیے بہت بڑا دن ہے، 9 مئی کو شہدا کی یاد گاروں کو بھی نہیں بخشا گیا، آج ملک دشمنی کرنے والے انجام کو پہنچے ہیں، آج انہیں سزائیں سنائی گئی ہیں، اس کے ساتھ ساتھ اس منصوبے کے منصوبہ سازوں کو بھی سزائیں سنائی جانی چاہئیں۔

یہ بھی پڑھیں : فوجی عدالتوں سے 9 مئی کے مزید ملزمان کو سزاؤں پر چیئرمین پی ٹی آئی کا ردعمل آگیا

 
 

وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ ان تمام مجرموں کی فون کی لوکیشن، موقع پر موجودگی کی تصاویر ، سب کچھ موجود ہے، ان سزاؤں کے بعد کوئی ہمت نہیں کرے گا کہ آئندہ ایسا کرے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ 9 مئی کے منصوبہ سازوں کو بھی کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ نہ صرف ویڈیو شواہد بلکہ تکنیکی شواہد بھی موجود ہیں، یہ وہ لوگ تھے جنہوں نے ملک دشمنوں کے خواب کو پورا کرنے کی کوشش کی، آج کی سزاؤں کے بعد ان شا اللہ پاکستان آگے بڑھے گا۔

عطا تارڑ نے یہ بھی کہا کہ آج تو بانی پی ٹی آئی نے کہہ دیا کہ پاکستان کی معیشت بہتر ہوئی ہے، تو آگے کیا رہ گیا ؟، پاکستان کی معاشی ترقی کی اس سے بڑی اور گواہی کیا ہوگی۔

واضح رہے ملٹری کورٹ نے آج سانحہ 9 مئی میں ملوث مزید 60 ملزمان کو سزائیں سنا دیں اور حسان نیازی کو 10 سال قید بامشقت کی سزا شنائی گئی۔