(علی رامے) پی ڈی ایم اے نے 28 جولائی بروز اتوار سے پنجاب میں مون سون بارشوں کا پانچواں سپیل شروع ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب میں مون سون بارشوں کا پانچواں سپیل 28 جولائی سے شروع ہو گا، 28 سے 31 جولائی تک پنجاب میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی ہے، 29 سے 31 جولائی کے دوران جنوبی پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کے امکانات ہیں، راولپنڈی گجرانوالہ سرگودھا ملتان ڈیرہ غازی خان بہاولپور لاہور فیصل آباد ساہیوال اور گجرات ڈویژنز میں مون سون بارشیں متوقع ہیں، ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں۔
دوسری جانب ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا کا کہنا ہے کہ موسمی صورتحال کے بارے متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے پیش نظر متعلقہ محکمے الرٹ رہیں، بڑے شہروں کی انتظامیہ الرٹ رہے اور پیشگی انتظامات مکمل کریں، پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں 24 گھنٹے صورتحال کی مانیٹرنگ ہو رہی ہے، پنجاب میں مون سون بارشوں کے دوران دریاؤں اور ڈیمز میں پانی کی صورتحال نارمل ہے، عوام الناس سے التماس ہے کہ حکومتی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں، پرانی عمارتوں کھمبوں اور آسمانی بجلی کی گرج چمک سے بچاؤ کیلئے محفوظ مقامات پر رہیں۔
یہ بھی پڑھیں: زرعی ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کی سکیم تیار
مزید براں پی ڈی ایم اے نے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، واسا، محکمہ آبپاشی، ریسکیو، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی بھی ہدایت جاری کر دی ہے۔