(بابر شہزاد تُرک) وفاقی حکومت نے متعدد افسران کو گریڈ 21 سے 22 میں ترقی دے دی، ترقی پانے والے افسران میں چیف سیکریٹری پنجاب، آئی جی سندھ، آئی جی ریلویز پولیس، سیکریٹری وزارتِ اطلاعات اور متعدد وفاقی وزارتوں کے سیکریٹری (انچارج) شامل ہیں۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے گریڈ 22 میں ترقی پانے والے افسران کی ترقیوں اور تقرر و تبادلوں کے جاری کردہ الگ الگ نوٹیفکیشنز کے مطابق ترقی پانے والے افسران میں پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے 17، پولیس سروس آف پاکستان کے 6 اور سیکریٹریٹ گروپ کے 5 افسران شامل ہیں، سیکریٹری وزارتِ اطلاعات عنبرین جان سمیت گریڈ 22 میں ترقی پانے والے بیشتر افسران کو موجودہ عہدے پر ہی ایکچولائز کر دیا گیا، پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے 17 افسران کی گریڈ 21 سے 22 میں ترقی کی منظوری دی گئی ہے۔
پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس سے تعلق رکھنے والے سیکریٹری، نیشنل فوڈ سیکیورٹی ڈویژن وسیم اجمل چوہدری کو گریڈ 22 میں ترقی دے کر بطور سیکریٹری نیشنل فوڈ سیکیورٹی ڈویژن خدمات جاری رکھنے، چیئرمین ایف بی آر راشد محمود کو گریڈ 22 میں ترقی دے کر خدمات جاری رکھنے، اسپیشل سیکریٹری کامرس ڈویژن شکیل احمد مینگنیجو کو گریڈ 22 میں ترقی دے کر بطور اسپیشل سیکریٹری کامرس ڈویژن خدمات جاری رکھنے، سیکریٹری قومی ورثہ ڈویژن اسد رحمان گیلانی کو گریڈ 22 میں ترقی دے کر بطور سیکریٹری قومی ورثہ ڈویژن خدمات جاری رکھنے، جینیوا میں پاکستان کے مستقبل مندوب علی سرفراز کو گریڈ 22 میں ترقی دے کر خدمات جاری رکھنے، چیف سیکریٹری پنجاب زاہد اختر زمان کو گریڈ 22 میں ترقی دے کر بطور چیف سیکرٹری پنجاب خدمات جاری رکھنے، پنجاب حکومت میں تعینات احمد رضا سرور، سیکریٹری نجکاری کمیشن عثمان اختر باجوہ اور سپیشل سیکریٹری اقتصادی امور ڈویژن محمد حمیر کریم کو گریڈ 22 میں ترقی دے کر خدمات جاری رکھنے، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ پنجاب نبیل اعوان کو گریڈ 22 میں ترقی دے کر پنجاب حکومت میں ہی خدمات جاری رکھنے، سیکریٹری قومی صحت ڈویژن ندیم محبوب کو گریڈ 22 میں ترقی دے کر بطور سیکریٹری قومی صحت ڈویژن خدمات جاری رکھنے، سیکریٹری وفاقی تعلیم ڈویژن محی الدین وانی کو گریڈ 22 میں ترقی دے کر بطور سیکریٹری وفاقی تعلیم ڈویژن جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید برآں ایڈیشنل سیکریٹری (انچارج) پیٹرولیم ڈویژن مومن آغا کو گریڈ 22 میں ترقی دے کر سیکریٹری پیٹرولیم ڈویژن، ایڈیشنل سیکریٹری مذہبی امور ڈویژن سید عطاء الرحمان کو گریڈ 22 میں ترقی دے کر سیکریٹری مذہبی امور ڈویژن، ایڈیشنل سیکریٹری سائنس و ٹیکنالوجی ڈویژن امبرین رضا کو گریڈ 22 میں ترقی دے کر اسپیشل سیکریٹری کابینہ ڈویژن اور ایڈیشنل سیکریٹری نیشنل سیکیورٹی ڈویژن سعدیہ ثروت جاوید کو گریڈ 22 میں ترقی دے کر اسپیشل سیکریٹری پیٹرولیم ڈویژن اور گریڈ 22 میں ترقی پانیوالے او ایس ڈی داؤد محمد باریچ کو ڈائریکٹر جنرل نیشنل انسٹیٹیوٹ آف منیجمنٹ اسلام آباد تعینات کیا گیا ہے، پولیس سروس آف پاکستان کے 6 افسران کی گریڈ 21 سے 22 میں ترقی دی گئی ہے۔
پولیس سروس کے ایڈیشنل سیکریٹری مواصلات ڈویژن بی اے ناصر کو گریڈ 22 میں ترقی دے کر سیکریٹری انسانی حقوق ڈویژن مقرر کیا گیا ہے، بی اے ناصر کی بطور سیکریٹری انسانی حقوق ڈویژن تعیناتی آئندہ ماہ 24 اپریل 2025 سے مؤثر ہو گی جبکہ آئی جی سندھ پولیس غلام نبی میمن کو گریڈ 22 میں ترقی دے کر خدمات جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید برآں نیشنل اسکول آف پبلک پالیسی لاہور میں تعینات، پولیس سروس کے محمد فاروق مظہر کو گریڈ 22 میں ترقی دے کر ڈائریکٹر جنرل، نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ لاہور، ڈائریکٹر جنرل، نیشنل پولیس بیورو عبدالخالق شیخ کو گریڈ 22 میں ترقی دے کر خدمات جاری رکھنے اور آئی جی ریلویز پولیس محمد طاہر رائے کو گریڈ 22 میں ترقی دے کر بطور آئی جی ریلویز پولیس خدمات جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دریں اثناء نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس سے ریٹائرڈ محمد زبیر ہاشمی کی گریڈ 22 میں ترقی دی گئی ہے، محمد زبیر ہاشمی سرکاری ملازمت کی مدت 60 سال کی تکمیل پر رواں ماہ 10مارچ کو ملازمت سے ریٹائر ہوئے تھے تاہم اُن کی ترقی کی منظوری ریٹائرمنٹ سے قبل 5 مارچ کو ہائی پاورڈ سلیکشن بورڈ نے دی تھی، دریں اثناء سیکریٹریٹ گروپ کے جن 5 افسران کو گریڈ 21 سے 22 میں ترقی دی گئی ہے اُن کی تفصیلات کے مطابق سیکریٹریٹ گروپ کی عائشہ حمیرا چوہدری کو گریڈ 22 میں وفاقی سیکریٹری کے عہدے پر ترقی دے کر اُنہیں ایڈیشنل سیکریٹری (انچارج) وزارتِ ماحولیاتی تبدیلی سے سیکریٹری وزارتِ ماحولیاتی تبدیلی، گریڈ 22 میں ترقی پانے والے اسلم غوری کو ایڈیشنل سیکریٹری خزانہ ڈویژن (ملٹری فنانس وِنگ) سے اسپیشل سیکرٹری خزانہ ڈویژن (ملٹری فنانس وِنگ)، گریڈ 22 میں ترقی پانے والے ایڈیشنل سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن، ڈاکٹر نواز احمد کو تبدیل کر کے ممبر، وزیراعظم معائنہ کمیشن، گریڈ 22 میں ترقی پانے والے ایڈیشنل سیکریٹری موسمیاتی تبدیلی ڈویژن حماد شمیمی کو تبدیل کر سیکریٹری نجکاری ڈویژن تعینات کیا گیا ہے جبکہ سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ ڈویژن ظہور احمد کو گریڈ 22 میں ترقی دے کر خدمات جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ ترقیوں کی سفارشات رواں ماہ منعقدہ ہائی پاورڈ سلیکشن بورڈ نے تیار کی تھیں جبکہ منظوری وزیراعظم نے دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: یوریا سیکٹر کو گیس کی سپلائی 30 جون تک بڑھانے کا فیصلہ