کیولری انڈر پاس صرف اڑھائی ماہ میں مکمل، نگران وزیراعلیٰ نے افتتاح کردیا

Nov 26, 2023 | 19:13:PM

This browser does not support the video element.

(دُرِ نایاب) نگران وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی نے لاہور کے کیولری انڈر پاس کا افتتاح کردیا جسے چھ ماہ کی بجائے اڑھائی ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کرکے لاگت میں 15 فیصد بچت کی گئی۔

اس موقع پر نگران وزیراعلیٰ نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیولری انڈر پاس کی تکمیل پر اہل لاہور کو مبارکباد دی۔

نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ سموگ میں کمی کیلئے گھر میں رہیں، غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں، اگر ہم اپنے ماحول کا خیال رکھیں گے تو مثبت فرق نظر آئے گا کیونکہ گزشتہ تین دن ٹریفک میں کمی کی وجہ سے سموگ کا لیول کم ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: محسن نقوی کو پنجاب کا شیر شاہ سوری کہا جانا چاہیئے، مرتضیٰ سولنگی

ان کا مزید کہنا تھا کہ کنسٹرکشن کی وجہ سے مرکزی سڑک بند کرنا پڑی، اسی وجہ سے کیولری انڈر پاس مشکل پراجیکٹ تھا، 7 دسمبر کو گھوڑا چوک فلائی اوور کھولنے سے سنٹر پوائنٹ تا ڈیفنس موڑ روڈ سگنل فری ہو جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ کیولری انڈر پاس کھلنے سے روزانہ 2 لاکھ گاڑیاں گزر سکیں گی۔ 

انہوں نے ڈی جی ایل ڈی اے، اُن کی ٹیم اور کنٹریکٹرز کے کام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس ٹیم نے دن رات محنت کرکے کیولری انڈر پاس مکمل کیا۔

اس موقع پر صوبائی وزراء عامر میر، اظفر ناصر، ابراہیم مراد، منصور قادر، چیف سیکرٹری، سیکرٹری اطلاعات، سیکرٹری ہاؤسنگ، کمشنر لاہور، ڈپٹی کمشنر لاہور اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

مزیدخبریں