رینجرزاہلکاروں سمیت 5 افراد شہید،100زخمی ،وفاقی دارالحکومت میں فوج طلب،شرپسندوں کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم

اسلام آباد میں شرپسندوں نے رینجرز پر گاڑی چڑھا دی،احتجاج کے باعث ڈی چوک کی سکیورٹی سخت کردی گئی، پاک آرمی کے دستے بھی ڈی چوک پر گشت کر رہے ہیں

Nov 26, 2024 | 09:34:AM

Read more!

(احمد منصور،حاشر وڑائچ)تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران انتشار سے نمٹنے کیلئے وفاقی دارالحکومت میں فوج طلب کرلی گئی،شرپسندوں کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم دیدیا گیا ،اسلام آباد میں شرپسندوں نے رینجرز پر گاڑی چڑھا دی،4رینجرز اہلکاروں سمیت 5 افراد شہید، 5 اہلکار زخمی ہوگئے،اب تک شرپسندوں کےحملےمیں 100 سے زائد پولیس اہلکار زخمی ہوچکے ، احتجاج کے باعث ڈی چوک کی سکیورٹی سخت کردی گئی، پاک آرمی کے دستے بھی ڈی چوک پر گشت کر رہے ہیں۔

وزارت داخلہ نے اسلام آباد میں فوج کی طلبی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے مطابق آرٹیکل 245 کے تحت پاک فوج کو بلایا گیا ہے اور واضح کیا گیا ہے کہ قانون توڑنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق آرمی کو کسی بھی علاقے میں امن امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے کرفیو لگانے کے اختیارات بھی تفویض کیے گئے ہیں،سکیورٹی اداروں کو انتشار پھیلانے والوں کو موقع پر گولی مارنے کے واضح احکامات دیے گئے ہیں۔

ضرورپڑھیں:گولی کا جواب گولی سے دینا آسان تھا،ہم نے برداشت کر لیا ،وزیر داخلہ محسن نقوی

خیال رہے کہ اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے احتجاجی مظاہرے کے دوران سری نگر ہائی وے پر شرپسندوں نے رینجرز اہلکاروں پر گاڑی چڑھا دی تھی جس سے 4 رینجرز اہلکار شہید جب کہ 5 رینجرز اور 2 پولیس کے جوان بھی شدید زخمی ہوگئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق شرپسندوں کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں اب تک رینجرز کے 4 اور پولیس کے 2 جوان شہید ہو چکے ہیں جبکہ اب تک 100 سے زائد پولیس اہلکار زخمی ہو چکے ہیں جن میں متعدد شدید زخمی ہیں۔

مزیدخبریں