پولیس کی استعداد کو بڑھانے کے لئے خطیر وسائل خرچ کر رہے ہیں: علی امین گنڈاپور

Sep 26, 2024 | 21:26:PM
پولیس کی استعداد کو بڑھانے کے لئے خطیر وسائل خرچ کر رہے ہیں: علی امین گنڈاپور
کیپشن: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے 14 ویں اجلاس کا منظر
سورس: 24 News
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(عامر شہزاد) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت پولیس کی استعداد کو بڑھانے کے لئے خطیر وسائل خرچ کر رہی ہے، امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنا کر مزید چیک پوسٹیں بھی  پولیس کے حوالے کرنی ہیں۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 14 واں اجلاس ہوا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ صوبے خصوصاً ضم اضلاع اور جنوبی اضلاع میں امن و امان کے مسائل درپیش ہیں، پولیس اور سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو امن و امان کی بہتری کے لئے دن رات کوششیں کر رہے ہیں، صوبائی حکومت ان علاقوں میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے متعلقہ اداروں ساتھ مل کر کام کررہی ہے، ان علاقوں میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنا کر مزید چیک پوسٹیں بھی  پولیس کے حوالے کرنی ہیں لیکن اس سے پہلے ان علاقوں میں پولیس کی استعداد کو بڑھانا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت پولیس کی استعداد کو بڑھانے کے لئے خطیر وسائل خرچ کر رہی ہے، اس وقت کرم میں امن و امان کا  ایک مسئلہ چل رہا ہے لیکن یہ دہشت گردی یا فرقہ واریت کا مسئلہ نہیں، یہ فریقین کے درمیان زمین کا تنازعہ ہے جس کے پر امن حل کے لئے صوبائی حکومت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے، انتظامیہ اور پولیس کی کوششوں سے آج فریقین کے درمیان سیز فائر ہوگیا ہے، صوبائی حکومت جرگے کے ذریعے اس مسئلے کا مستقل حل نکالنے کے لئے کام کررہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا 28 ستمبر کو احتجاج کا اعلان

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ اسی طرح ضلع خیبر میں بھی ایک مسئلہ چل رہا ہے جس کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر کام جاری ہے، امید ہے کل تک یہ معاملہ بھی حل ہوجائے گا، انتظامیہ اور پولیس ایسے معاملات کے حل کے لئے دن رات کام کررہی ہوتی ہے، بعض اوقات نتائج سامنے آنے میں وقت لگتا ہے اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ انتظامیہ کچھ نہیں کر رہی، میر علی کے واقعے کے متاثرین کو معاوضے دیئے جارہے ہیں، واقعے میں متاثر ہونے والی مویشی منڈی کو دوبارہ تعمیر کرکے لوگوں کے حوالے کیا جائے گا، اس سلسلے میں محکمہ ریلیف کو ضروری احکامات جاری کیے گئے ہیں۔