پاک بحریہ کے جنگی جہاز میری ٹائم سیکیورٹی پٹرول کے دوران عمان کا دورہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
( احمد منصور) پاک بحریہ کے جنگی جہاز پی این ایس یرموک نےریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرول کے دوران عمان کا دورہ کیا ، پی این ایس یرموک نے رائل نیوی آف عمان کے جہاز کے ساتھ بحری مشق میں حصہ لیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ان مشقوں کا مقصد بحری افواج کے مابین باہمی تعاون کو فروغ دینا اور سمندر میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کرنا اور علاقائی امن اور استحکام کا قیام ہے،دورہ عمان کے دوران جہاز کے کمانڈنگ آفیسر نےعمان کے عسکری حکام سے ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہناہے کہ پاک بحریہ بحری سلامتی کو لاحق خطرات کے خلاف علاقائی امن و استحکام کے مشترکہ مقصد کے تحت دیگر بحری افواج کے ساتھ باقاعدگی سے مشقیں کرتی ہے،پاک بحریہ کے جنگی جہاز سمندر میں نظم و نسق برقرار رکھنے کے لیے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرول پر باقاعدگی سے تعینات ہوتے ہیں۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا ہے کہ دورہ عمان اور بحری مشق میں شمولیت پاک بحریہ کی جانب سے علاقائی استحکام، بین الاقوامی تعاون اور بحری صلاحیتوں کے فروغ کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وادی تیراہ میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 25 دہشت گرد ہلاک،11 زخمی،4 جوان شہید