مالی سال کے پہلے ماہ میں بیرونی ممالک سے ملنے والی گرانٹس اور قرضوں کی رپورٹ جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(وقاص عظیم) اقتصادی امور ڈویژن نے مالی سال 2024-25 کے پہلے ماہ میں بیرونی ممالک سے ملنے والی گرانٹس اور قرضوں کی رپورٹ جاری کر دی۔
اقتصادی امور ڈویژن کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق جولائی 2024میں سعودی عرب سے ادھار تیل کی سہولت کے لیے قرضہ نہیں مل سکا، سعودی عرب سے 5 ارب ڈالرز کا رول اوور قرضہ نہیں مل سکا، چین کی جانب سے 4 ارب ارب ڈالرز کا سیف ڈیپازٹ نہیں مل سکا، 3 ارب 77 کروڑ ڈالرز کا کمرشل قرضہ نہیں مل سکا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کو جولائی میں صرف 43 کروڑ 63 لاکھ ڈالرکی بیرونی مالی معاونت ملی، رواں مالی سال 19 ارب 21 کروڑ ڈالر ہدف کے مقابلے 2.2 فیصد قرض مل سکا، گزشتہ مالی سال اسی مدت میں 2 ارب 89 کروڑ ڈالر کا بیرونی قرض ملا تھا، جولائی میں نیا پاکستان سرٹیفکیٹ کے زریعے 12 کروڑ 77 لاکھ ڈالرز موصول ہوئے، عالمی مالیاتی اداروں نے پاکستان کو 20 کروڑ 10 لاکھ ڈالر قرض فراہم کیا۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ مختلف ممالک نے 10 کروڑ 76 لاکھ ڈالر فراہم کئے، عالمی بینک نے پاکستان کو 11 کروڑ 18 لاکھ 80 ہزار ڈالر قرض فراہم کیا، چین نے پاکستان کو 9 کروڑ 67 لاکھ 60 ہزار ڈالر قرض فراہم کیا، اے ڈی بی نے 5 کروڑ 40 لاکھ ڈالر سے زائد قرض فراہم کیا، انٹرنیشنل بینک فار ری کنسٹریکشن نے 2 کروڑ ڈالر سے زائد فراہم کئے۔
یہ بھی پڑھیں: روپے کی قدر میں اضافہ، ڈالر کے پر کترے گئے
مزید براں رپورٹ میں بتایا گیا کہ جرمنی نے 35 لاکھ ڈالر، سعودی عرب نے 26 لاکھ 90 ہزار ڈالر قرض دیا، پاکستان کو اس دوران ایک کروڑ ڈالر سے زائد کی گرانٹ بھی حاصل ہوئی، امریکہ نے سب سے زیادہ 44 لاکھ 42 ہزار ڈالر کی گرانٹ فراہم کی، پاکستان کو مختلف منصوبوں کیلئے 42 کروڑ 59 لاکھ ڈالر قرض فراہم کیا گیا۔