اسلام آباد میں بیٹھے لوگوں کی سوچ محدود، انکو نظر نہیں آتا غریب کیساتھ کیا ہو رہا ہے: آصف زرداری

Dec 27, 2023 | 23:01:PM

 (عاجز جمالی) سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں بیٹھے لوگوں کی سوچ محدود ہے، ان کو نظر نہیں آتا کہ غریب کیساتھ کیا ہو رہا ہے۔

محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے 16 ویں یوم شہادت موقع پر گڑھی خدابخش میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹرین کے صدر و سابق صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ میرے دوستو اسی جگہ پر کھڑا ہوکر میں نے کہا تھا کہ فرض پورا کروں تو اس قبرستان میں جگہ دیں، آج ہم نے سارے قرض اتار دیئے، 8 فروری کے الیکشن کے مشور کے تحت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جو وعدے کیے ہیں، وہ پورے کرکے دکھائیں گے، کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کہ زرداری نے زبان دی اور مکر گیا، الحمداللہ، ہم نے جو وعدے کیے ہیں وہ سارے  نبھائے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھیں: سرکاری ملازمین کو بڑا جھٹکا، الیکشن کمیشن نے رات گئے بُری خبر سنا دی

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان غریب نہیں بلکہ وسائل سے مالا مال ملک ہے، اگر غریب ہے تو اسلام آباد میں بیٹھے افراد کی سوچ غریب ہے، مسئلہ کوئٹہ، حیدرآباد، کراچی، لاہور، یا پشاور میں نہیں ہے، مسئلہ اسلام آباد میں ہے، اسلام آباد میں بیٹھے ہوئے لوگوں کی سوچ محدود ہے، ان کو نظر نہیں آتا کہ غریب کے ساتھ کیا ہو رہا ہے، بھوکا کیسے سوتا ہے؟ ان کو نظر نہیں آتا جب تن پر کپڑے نہیں ہوتے؟ غریبوں کو درپیش مشکلاتیں سیاست دانوں کو نظر آتی ہیں۔

اپنے جیالوں سے متعلق انہوں نے کہا کہ کیونکہ ہمارے کارکنان ہمیں پکڑتے ہیں، وہ کہتے ہیں کہ یہ کرو، وہ کرو، ان کے ساتھ ہم نے وعدے کیے ہوتے ہیں، انہوں نے ہمیشہ وعدوں کی پاسداری کی ہے، ہم نے ہمیشہ بھٹو صاحب کے مشن کو زندہ اور بی بی صاحبہ کی شمع کو جلائے رکھا، میں نے اپنے دور صدارت میں جتنے بھی منصوبوں کا افتتاح کیا، وہ اپنے نہیں بلکہ بی بی صاحبہ کے نام سے کیے کیونکہ یہ ان کی طاقت تھی، ان کی سوچ، ان کے لوگ اور ان کے ووٹ تھے، جنہوں نے مجھے صدر بنایا، میں آج تک پی پی پی کو سنبھالتا آ رہا ہوں، یہ میرے پاس بی بی شہید کی امانت ہے۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے عوام و کارکنان پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور خاطر جمع رکھیں، آپ تھوڑا صبر کریں، تھوڑا لحاظ کریں، ہم پاکستان کو بنائیں گے، اس دنیا سے جانے سے پہلے ہم پاکستان کو بنائیں گے، اگر ایسا کریں گے تو آنے والی نسلیں ہمیں یاد  کریں گی، آج صرف قائدِ عوام اور شہید بی بی کو یاد کیا جاتا ہے کیونکہ ان کی سوچ کمال کی تھی، اللہ تعالیٰ ہر کسی کو شہادت عطا نہیں کرتا، شہادت ان کو نصیب ہوتی ہے جنہوں نے انسانذات کی خدمت کی ہو۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن میں منشور کیسا ہو گا؟ بلاول بھٹو نے جلسہ عام میں اعلان کر دیا

صدر آصف علی زرداری کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا مقصد صرف یہ ہے، کہ آپ کو اور غریبوں کو حقوق ملیں، لوگوں کو پانی، اناج ملے، لائیننگ ہو اور ڈیم بنیں، تھر سرسبز ہو، سارا بلوچستان اور گلگت بلتستان کو سیراب کرسکیں، گلگت سے ٹریڈ شرع کرسکیں، یہ ساری باتیں ہمارے منشور میں شامل ہوں گیں، اگلی بار ہم یہ سب کام کرکے دکھائیں گے۔

مزیدخبریں