لاہور: پی آئی اے کی ایک اور فضائی میزبان موبائل فونز اسمگل کرتے ہوئے پکڑی گئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) پاکستان میں موبائل فون اسمگل کرنے کے الزام میں پی آئی اے کی ایک اور فضائی میزبان کو معطل کر دیا گیا ہے جس کے بعد تادیبی کارروائی کا سامنا کرنے والے عملے کے ارکان کی تعداد 8 ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی تازہ ترین کارروائی گزشتہ ہفتے عملے کے 5 ارکان کی معطلی کے بعد کی گئی ہے جب حکام نے دبئی سے واپسی پر ان کے قبضے سے سمارٹ فونز کا ایک ذخیرہ برآمد کیا تھا، اس سے پہلے عملے کے 2 ارکان کو اسی طرح کے الزامات پر برطرف کردیا گیا تھا۔
ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ ابوظبی سے لاہور پہنچنے پر ایئر ہوسٹس کے قبضے سے اسمارٹ فونز قبضے میں لے لیے گئے ، وہ ہفتے کو اترنے والی پرواز "پی کے 264" میں سوار تھیں، ایئرپورٹ پہنچنے پر کسٹم حکام نے خاتون کے قبضے سے متعدد مہنگے موبائل فونز برآمد کیے۔
یہ بھی پڑھیں : سٹاک ایکسچینج میں ایک لاکھ 15 ہزار کی حد بحال،ڈالر سستا ہو گیا
پی آئی اے انتظامیہ نے ایئر ہوسٹس کو فوری طور پر معطل کردیا اور 25 جنوری کو انہیں شوکاز نوٹس جاری کیا ، انہیں 3 دن کے اندر تحریری جواب جمع کرانے کے لیے کہا گیا تھا، جس کے بعد یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ ان کے خلاف تادیبی کارروائی شروع کی جائے یا نہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ مزید تحقیقات جاری ہیں اور اگر ایئرہوسٹس قصوروار پائی گئی تو کمپنی کی پالیسی کے تحت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کسٹمز حکام کی جانب سے معمول کی تلاشی کے دوران 78 اسمارٹ فونز برآمد ہونے کے بعد پی آئی اے انتظامیہ پہلے ہی 2 اسٹیورڈز سمیت 5 ملازمین کو معطل اور شوکاز نوٹسز جاری کرچکی ہے، پی آئی اے کے 5 ملازمین کو 22 جنوری کو شوکاز نوٹس جاری کیے گئے تھے۔