اقوام متحدہ کے نمائندے کی وزیر خزانہ سے ملاقات، پاکستان میں جاری منصوبوں پر تبادلہ خیال
Stay tuned with 24 News HD Android App
(وقاص عظیم)وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سےاقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کے پاکستان میں رہائشی نمائندے ڈاکٹر سیموئیل رزق نے ملاقات کی،ملاقات میں یو این ڈی پی کے جاری منصوبوں اور پاکستان میں عوامی و نجی شعبوں کے ساتھ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈاکٹر سیموئیل رزق نے ملاقات کے دوران یو این ڈی پی کی مختلف شعبوں میں جاری سرگرمیوں کا جائزہ پیش کیاجن میں سماجی ترقی، موسمیاتی لچک، توانائی کی منتقلی، ڈیجیٹل تبدیلی، اور عوامی شعبے میں کارکردگی کی بہتری شامل ہیں، وزیر خزانہ نے ترجیحی شعبوں میں یو این ڈی پی کی تکنیکی اور مالی مدد کو سراہا۔
مزید پڑھیں:وزیر اعظم کی ریلوے اراضی کو نجی شعبے کے تعاون سے کاروبار کیلئے استعمال کرنے کی ہدایت
سینیٹر محمد اورنگزیب نے ان اقدامات کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے بین الاقوامی معیار کے مطابق منصوبوں کی منصوبہ بندی، نگرانی، اور شفاف رپورٹنگ پر زور دیا،وزارت خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق منصوبوں کا مقصد پائیدار ترقی کو فروغ دینا، پاکستان کی موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف مزاحمت کو مضبوط بنانا، اور طویل مدتی سماجی و اقتصادی ترقی کو یقینی بنانا ہے، وزیر خزانہ نے حکومت کی شمولیتی اور پائیدار ترقی کے لیے عزم کا اعادہ کیا،انہوں نے آبادی میں اضافہ، غذائی قلت، اور موسمیاتی تبدیلی جیسے اہم چیلنجز کو حکومتی حکمت عملی کا مرکز قرار دیا۔سینیٹر اورنگزیب نے پاکستان اور ورلڈ بینک کے درمیان حال ہی میں طے پانے والے 10 سالہ شراکت داری پروگرام کا ذکر کیا۔
دونوں فریقین نے پاکستان کو درپیش ترقیاتی چیلنجز، بالخصوص موسمیاتی تبدیلی، سماجی ترقی، اور عوامی شعبے کی کارکردگی میں بہتری کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔