ملک بھر میں مزید بارشیں ،محکمہ موسمیات نےخطرے کی گھنٹی بجادی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف شہروں میں آج تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے، پنجاب میں مون سون بارشوں کا پانچواں سپیل کل سے شروع ہو کر 31 جولائی تک جاری رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور شدیدحبس رہنے کا امکان ہے تاہم آزادکشمیر،شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار اور بالائی خیبرپختونخوا میں تیز ہواؤں /جھکڑچلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔شام/رات کے دوران شمال مشرقی بلوچستان میں بھی چند مقاما ت پرتیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے جبکہ بحیرہ عرب سے مون سون ہوائیں 27 جولائی کی رات سے ملک کے بالائی حصوں میں داخل ہوں گی۔
محکمہ موسمیات نے اسلام آباد میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے، مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، تلہ گنگ اورمیانوالی میں تیز ہوائیں چلنے گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
نارووال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، جہلم، سیالکوٹ، حافظ آباد، لاہور، قصور،اوکاڑہ، فیصل آباد، ڈیرہ غازی خان اور بہاولنگر میں چند مقا مات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کاامکان ہے۔
دیر، سوات، کوہستان، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، بونیر، پشاور، مردان، صوابی، کوہاٹ، کرک، مالاکنڈ، باجوڑ، خیبر، کرم اور وزیرستان میں بھی بارش ہونے کی توقع ہے۔
ژوب، موسیٰ خیل، بارکھان، کوہلو، لورا لائی، سبی، لسبیلہ، خضدار اور گرد و نواح میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے، سندھ کے ساحلی علاقوں میں چند مقامات پر بارش ہونے کی توقع ہے۔
گلگت بلتستان میں موسم خشک اورمطلع جزوی ابر آلود رہنے کاامکان ہے جبکہ آزاد کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب سے مون سون ہوائیں 27 جولائی کی رات سے ملک کے بالائی حصوں میں داخل ہوں گی۔
مون سون ہوائیں 29 جولائی سے وسطی اور جنوبی حصوں تک پھیلنے کا امکان ہے جس کے زیراثر ملک بھر میں 27 جولائی کی رات سے 31 جولائی تک گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی سمیت سندھ کے دیگراضلاع میں موسم شدید گرم اورمرطوب رہنے کا امکان ہے، 29 اور 30 جولائی کو کراچی سمیت دیگر مقامات میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ کراچی، حیدرآباد، مٹھی، سانگھڑ، عمرکوٹ، تھر پارکر، میر پور خاص، ٹھٹھہ، سجاول، بدین، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، شہید بینظیر آباد اور دادو میں وقفے وقفے سے بارشیں ہو سکتی ہیں، متعلقہ اداروں کو بھی الرٹ کر دیا۔
پنجاب میں مون سون بارشوں کا پانچواں سپیل اتوار28جولائی سے شروع ہو گا۔ 28سے 31جولائی تک پنجاب میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ 29سے 31جولائی کے دوران جنوبی پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کے امکانات ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سائیکلسٹ کی عدم سلیکشن کیخلاف اپیل عالمی عدالت نے اہم فیصلہ کردیا
راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، ملتان ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، لاہور،فیصل آباد، ساہیوال اور گجرات ڈویژنز میں مون سون بارشیں متوقع ہیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ موسمی صورتحال کے بارے متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔
کراچی میں 29 جولائی سے گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا کہ مون سون ہواؤں کا سلسلہ بھارتی گجرات پر موجود ہے، مون سون ہوائیں 29 جولائی سے سندھ میں داخل ہوں گی۔ انہوں نے کہاکہ 29 جولائی کی دوپہر یا رات سے کراچی میں بارشوں کا امکان ہے، اس دوران شہر میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر لاہور میں بھی بادلوں کا راج لیکن حبس میں کمی نہ ہوسکی،شہر کا موجودہ درجہ حرارت 30ڈگری ،زیادہ سے زیادہ36ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے آج شہر لاہور میں بارش کی پیشگوئی کردی۔
ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق شہر میں فضائی آلودگی میں 84ریکارڈ کی گئی ، جس کے بعد لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں چھٹے نمبر پر آگیا، ائیر کوالٹی انڈیکس کے مطابق ٹھوکر نیاز بیگ 158،امریکی قونصلیٹ میں آلودگی کی شرح 153ریکارڈ،ذکی فارم 153 جبکہ جوہر ٹاؤن میں فضائی آلودگی کی شرح 109ریکارڈ کی گئی۔