ٹی 20 ورلڈ کپ :بھارت دفاعی چیمپئن انگلینڈکوشکست دیکر فائنل میں پہنچ گیا

Jun 27, 2024 | 19:37:PM

 (24 نیوز)  آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوسرے سیمی فائنل میں  بھارت نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو 68رنز سے شکست دے دی ۔

بھارت کی جانب سے دیئے گئے 172 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم صرف 103 رنز پر ڈھیر ہو گئی ، ہیری بروک 25 اور جوز بٹلر 23 رنز بنا کر نمایاں رہے ،بھارت کی جانب سے کلدیب یادیو اور اکشر پٹیل نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیاجبکہ جسپریت بمراہ نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دیکھائی ۔

بھارت کی اننگز
انگلینڈ کے خلاف بھارت کا آغاز اچھا نہ تھا، ویرات کوہلی اس بار بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام ہوئے اور صرف 9 رنز بناکر بولڈ ہوگئے،نئے آنے والے بیٹر رشبھ پنت بھی بڑا اسکور نہ کرسکے اور 4 رنز پر پویلین لوٹے، ایسے میں کپتان روہت شرما اور سوریا کمار یادیو نے ذمہ درانہ بیٹنگ کی اور گراؤنڈ کے چاروں اطراف دلکش شاٹس لگائے، تاہم پھر روہت شرما 57 اور پھر سوریا کمار یادیو 46 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اس کے علاوہ ہاردک پانڈیا 23، شیوم دوبے صفر اور اکشر پٹیل 10 رنز پر پویلین لوٹے جبکہ جڈیجا 17 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

انگلینڈ کی جانب سے کرس جارڈن نے 3، عادل رشید، ٹوپلی، آرچر اور سام کُرن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ 

ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جوز بٹلر نے کہا کہ وکٹ بہت اچھا لگ رہا ہے اور امید ہے کہ بونس بھی کم ہو گا، بارش کے آنے کے باعث یقینی طور پر پہلے گیند بازی کرنا اچھا فیصلہ ہے، ہم ایک کوالٹی ٹیم کا سامنا کر رہے ہیں ہمیں اپنا بہترین کھیل پیش کرنا ہو گا، ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، دوسری جانب بھارتی کپتان روہت شرما کا کہنا تھا کہ اگر وہ بھی ٹاس جیت جاتے تو پہلے گیند بازی ہی کرتے، بڑے میچ میں سکور بورڈ پر اچھا سکور ہونا ایک پلس پوائنٹ ہے، پچ تھوڑا خشک لگ رہا ہے جس کے باعث کھیل تھوڑا سست ہو گا، ٹیم میں کوئی بھی تبدیلی نہیں کی گئی، وننگ کامبی نیشن کے ساتھ ہی میدان میں اتریں گے۔

واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقا نے 9 وکٹوں سے یکطرفہ مقابلے کے بعد افغانستان کو شکست دیکر پہلی مرتبہ فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے اور اب اس کا بھارت کیساتھ فائنل میں کل مقابلہ ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں : سیمی فائنل میں بدترین شکست،افغان کرکٹ ٹیم کے کپتان کا دکھی بیان آگیا

مزیدخبریں