جعفر ایکسپریس 16 روز بعدپشاور سے کوئٹہ کے لیے روانہ ہوگئی
وفاقی وزیر امیر مقام کی موجودگی میں پشاور کینٹ ریلوے اسٹیشن سے روانہ کیا گیا،کل کوئٹہ پہنچے گی

Stay tuned with 24 News HD Android App

(ویب ڈیسک) جعفر ایکسپریس 16 روز بعدپشاور سے کوئٹہ کیلیے روانہ ہوگئی،ٹرین کو 11 مارچ کو دہشت گردوں کے حملے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
جعفر ایکسپریس کو وفاقی وزیر امیر مقام کی موجودگی میں پشاور کینٹ ریلوے اسٹیشن سے روانہ کیا گیاجو پنجاب، سندھ اور پھر بلوچستان سے ہوتی ہوئی 34 گھنٹے کے سفر کے بعد کل سہ پہر پانچ بجے کوئٹہ پہنچے گی۔
جعفر ایکسپریس میں سفر کیلیے 280 مسافروں نے ریزرویشن حاصل کی ہے اور پشاور سے 28 مسافر روانہ ہوئے،جعفر ایکسپریس واحد ریل گاڑی ہے جو چاروں صوبوں سے گزرتی ہے۔
ٹرین کی روانگی کے موقع پروفاقی وزیر امیر مقام نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی خواہش تھی کہ جعفر ایکسپریس کی سروس کوئٹہ کے لیے بحال کی جائے اور اب یہ ٹرین پشاور سے روانہ ہو چکی ہے، دہشت گردوں کے عزائم ناکام ہوں گے اور پاکستان اور بلوچستان کی ترقی کا عمل جاری رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں:جعفرایکسپریس حادثے کے ہیروز کو خراجِ تحسین،لوک ورثہ میں پینٹنگ مقابلے
وفاقی وزیر نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ جعفر ایکسپریس دوبارہ چل پڑی ہے اور یہ ملک کی ترقی کا نشان ہے،انہوں نے دہشت گردی کے خلاف خیبر پختونخوا کی عوام کے عزم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کا مقابلہ جاری رکھا جائے گا،دہشت گردی کا مسئلہ پورے ملک کا ہے اور ہم سب نے اس کا مقابلہ کرنا ہے، تمام ریل گاڑیوں کی سکیورٹی بہتر بنائی جائے گی۔
آخر میں امیر مقام نے غیر قانونی افغان مہاجرین کے حوالے سے کہاکہ ان کی واپسی کا عمل اٹل ہے اور حالات کے مطابق اس پر عملدرآمد کیا جائے گا۔