(24نیوز)وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ کا شکر بجا لاتے ہیں کہ شر انگیزی کی سازش بری طرح ناکام ہوگئی۔
محسن نقوی نے ڈی چوک سے خیبر پلازہ تک دورہ کیا اور ڈی چوک پر موجود قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں سے ملے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ نے جوانوں کی جوانمردی کی تعریف کرتے ہوئے ڈی چوک اور دیگر علاقے کلیئر کرانے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراجِ تحسین پیش کیا،انہوں نے شرپسندوں سے کلیئر کرائے گئے علاقوں کا جائزہ لیا اور سڑکوں کی فوری صفائی کا حکم دیتے ہوئے عمارتوں اور دیگر تنصیبات کو پہنچنے والے نقصانات کا بھی جائزہ لیا۔
یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی احتجاج کے مقاصد کیا تھے؟
وزیرداخلہ محسن نقوی نے سڑکوں سے رکاوٹیں ہٹانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ رینجرز کے افسروں اور جوانوں نے بہادری کے ساتھ مظاہرین کو پسپا کیا۔پاک فوج، ایف سی، اسلام آباد، پنجاب اور سندھ پولیس کو جرأت مندانہ کردار پر مبارک باد دیتا ہوں، پُرامن پاکستان اور پاکستانیوں کی جیت ہوئی ہے۔