(ویب ڈیسک)موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہی ملک بھر میں چائے کے استعمال میں بھی اضافہ ہو گیا،رواں ماہ نومبرکے دوران معمول سے 18.6 فیصد اضافی چائے درآمد کی گئی۔
پاکستان ٹی امپورٹرز ایسوسی ایشن کے ترجمان کے مطابق ماہ ستمبر کے دوران ایک کروڑ کلو گرام سے زائد جبکہ ماہ اکتوبر کے دوران ایک کروڑ 10 لاکھ کلو گرام سے زائد چائے درآمد کی گئی تھی،رواں ماہ نومبر کے دوران اب تک ایک کروڑ 20 لاکھ کلوگرام چائے درآمد کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ درآمد شدہ 32 لاکھ ڈالر کی چائے میں ایک کروڑ 14 لاکھ کلو گرام کالی اور7 لاکھ کلو گرام سبزچائے شامل ہے،پاکستان میں 40 سے 50 فیصد تک کالی چائے کی پتی مختلف ذرائع سے اسمگل ہو کر بھی آ رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:آلو پیاز اور ٹماٹر کی قیمتوں میں بڑا اضافہ
چائے کی درآمد سے متعلق ممالک کے نام بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جن ممالک سے پاکستان چائے درآمد کر رہا ہے ان میں کینیا،بنگلہ دیش، چین،ویتنام سمیت 13 ممالک شامل ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ افغانستان سے چائے کی پتی کی اسمگلنگ سے بھی قومی خزانے کو مالی نقصان پہنچتا ہے۔