بھارت کے انتقال کر جانے والے معروف صنعتکار رتن ٹاٹا کی وصیت سامنے آگئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) گزشتہ دنوں انتقال کرجانے والے بھارت کے معروف صنعت کار رتن ٹاٹا کی وصیت سامنے آگئی۔
تفصیلات کے مطابق رتن ٹاٹا اپنے پیچھے 10 ہزار کروڑ بھارتی روپے سے زائد کی جائیداد چھوڑ کر گئے ہیں اور ان کی وصیت میں جہاں جائیداد کو ان کے بھائی بہنوں میں تقسیم کیا گیا ہے وہیں ان کے پالتو کتے ٹیٹو کیلئے بھی کچھ چیزیں وقف ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق رتن ٹاٹا نے اپنی وصیت میں اپنے پالتو جرمن شیفرڈ ٹیٹو کی لامحدود دیکھ بھال کیلئے انتظام کیا ہے اور ٹیٹو کی دیکھ بھال کی ذمہ داری رتن ٹاٹا کے باورچی رجن شا کی ہوگی۔رتن ٹاٹا نے اپنے باورچی اور خانساماں کیلئے بھی اپنی جائیداد میں حصہ رکھا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بابراعظم قومی ٹیم کی قیادت سے کس کے کہنے پر مستعفی ہوئے؟چیئرمین پی سی بی نے بتا دیا
بھارتی میڈیا کے مطابق رتن ٹاٹا نے اپنی جائیداد میں سے اپنے بھائی اور سوتیلی بہنوں کو بھی حصہ دیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ٹاٹا گروپ کی ہولڈنگ کمپنی ٹاٹا سنز میں رتن ٹاٹا کے شیئرز رتن ٹاٹا انڈومنٹ فنڈ کو منتقل ہوجائیں گے۔وصیت کے مطابق رتن ٹاٹا کو ملنے والے ایوارڈز ٹاٹا سینٹرل آرکائیوز میں جمع ہوں گے تاکہ وہ آنے والی نسلوں کیلئے محفوظ رہ سکیں۔
رتن ٹاٹا نے اپنے ایگزیکٹو اسسٹنٹ شنتانو نائیڈوکے کاروبار میں سرمایہ کاری کی ہوئی تھی اور وصیت کے مطابق انہوں نے اس کاروبار میں اپنا حصہ چھوڑ دیا ہے اور نائیڈو کی جانب سے بیرون ملک تعلیم کے حوالے سے دیئے گئے قرض کو بھی معاف کردیا ہے۔
خیال رہے کہ معروف بھارتی صنعت کار اور کاروباری شخصیت رتن ٹاٹا 9 اکتوبر کو 86 برس کی عمر میں انتقال کرگئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں:فخرزمان کو کیوں ڈراپ کیا گیا؟چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی اہم پریس کانفرنس