اسلام آباد سے فلسطین اور لبنان کی عوام کیلئے انسانی امداد کا پہلازمینی قافلہ روانہ

Oct 27, 2024 | 20:42:PM

(24نیوز)فلسطین اور لبنان کی عوام کے لیے این ایل سی کا انسانی امداد کا پہلا زمینی قافلہ آج اسلام آباد سے روانہ ہوا،وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر این ڈی ایم اے نے این ایل سی کے تعاون سے فلسطین اور لبنان کے متاثرین کے لیے امداد کا سلسلہ بڑھا دیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق  این ایل سی کے 2قافلے 100 ٹن گرم خیمے اور کمبل لے کر اسلام آباد سے اردن روانہ ہوئے،اب تک مجموعی طور پر 1,598 ٹن امدادی سامان غزہ اور لبنان کے متاثرین تک پہنچایا جاچکا ہے،اسلام آباد میں منعقد ہونے والی الوداعی تقریب میں ایم این اے ملک ابرار اور ایم این اے راجہ قمر الاسلام کے علاوہ فلسطین کے سفیر زہیر ایم ایچ درزید اور لبنان کے سفیر غسان خطیب نے بھی شرکت کی،

فلسطین اور لبنان کے سفیروں نے پاکستان کی بے لوث انسانی امداد پر حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا،پاکستانی پارلیمنٹیرینز کا کہنا تھا کہ فلسطین اور لبنان کے جنگ زدہ عوام کی امداد ضروری ہے اور اس عمل میں حکومت پاکستان بھرپور تعاون کر رہی ہے،این ایل سی کا تعاون جنگ زدہ علاقوں میں بروقت امداد فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے،فلسطینی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی انسان دوستی اور ہمدردی امید کی کرن ہے جبکہ لبنان کی سفیر نے کہا کہ پاکستان کی امداد سے جنگ سے متاثرہ عوام کو بہت ضروری سہولتیں فراہم ہوئی ہیں ،پاکستان ہمیشہ لبنان اور فلسطین کے مسلم بھائیوں کی مدد کے لیے تیار ہے،فلسطین اور لبنان کے متاثرین کی مدد کے لیے پاکستان کا عزم ہمیشہ برقرار رہے گا پاکستان مشکل وقت میں مسلم بھائیوں کا بھرپور ساتھ دیتا رہے گا،پاکستان کی جانب سے مسلم دنیا کے ساتھ یکجہتی کا اظہار اور فلسطین اور لبنان کے لیے پاکستان کی امداد، جذبہ اخوت کی بہترین مثال ہے۔

یہ بھی پڑھیں: منہاج یونیورسٹی میں عالمی بین المذاہب کانفرنس،عالمی سکالرزاور گورنر خیبر پختونخوا کی شرکت

مزیدخبریں