موسلادھار بارش اور ژالہ باری، محکمہ موسمیات نے اہم پیشگوئی کردی

Apr 28, 2024 | 09:35:AM
موسلادھار بارش اور ژالہ باری، محکمہ موسمیات نے اہم پیشگوئی کردی
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(فاطمہ خان)محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں آج موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی نوید سنا دی.

 محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش اور ژالہ باری ہوسکتی ہے، گزشتہ روز بلوچستان میں طوفانی بارش اور ژالہ باری سے ندی نالے بپھر گئے،کوئٹہ زیارت شاہراہ کئی مقامات پر سیلابی ریلوں میں بہہ گئی، ژالہ باری سے فصلوں، باغات اور سولر پینلز کو نقصان پہنچا، پنجاب کے علاقوں جھنگ اور سرگودھا میں بھی کالی گھٹائیں خوب برسیں،موسم خوشگوار ہوگیا، وادی شکئی اور اسپین میں ژالہ باری سے موسم سرد ہوگیا، آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری سے سردی کی شدت بڑھ گئی۔

۔۔۔

محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق شہر لاہور  کا موسم خوشگوار،ہوائیں چلنے کا سلسلہ جاری ہے، شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 22 زیادہ سے زیادہ 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 25ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ،آج دن بھر سورج اور بادلوں کی انکھ مچولی کا کھیل جاری رہے گا۔

موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ اعداد و شمار کے مطابق ہوا کی رفتار 8کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی اور ہوا میں نمی کا تناسب 66فیصد تک جا پہنچا، محکمہ موسمیات نے پنجاب سمیت بیشتر اضلاع میں بارش کے ساتھ ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا  ہے، بارشوں کے پیش نظر پی ڈی ایم اے کی جانب سے الرٹ جاری کر دیا گیا۔

 عالمی درجہ بندی میں 106 ائیر کوالٹی انڈیکس کے ساتھ لاہور 12ویں نمبر پر آگیا،ائیر کوالٹی انڈکس کی مجموعی شرح 106 ریکارڈ،ٹھوکر نیاز بیگ 95,فیز 8 ڈی ایچ اے 125,کوٹ لکھپت 114, سید مراتب علی روڈ139, فدا حسین ہاؤس 155, جوہر ٹاؤن 174 ائیر کوالٹی انڈکس ریکارڈ کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک اور اعزاز حاصل کرلیا

دوسری جانب  پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ کسان گندم کی فصل کی کٹائی موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کریں، موسم کی نئی صورتحال سے بھی صوبہ بھر کی ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کردیا گیا۔

دریں اثنا وادی نیلم آزاد کشمیر میں برفباری اور موسلادھار بارشوں کا سلسہ جاری ہے ،لوات بالا،سرگن،کیل،اور گریس ویلی میں  گزشتہ رات سے بارش کے ساتھ ساتھ برفباری ہورہی ہے جبکہ شاہراہ نیلم پرمتعدد مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ سے بجلی اور مواصلات کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کی رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ لینڈ سلائیڈنگ سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے، بارش سے وادی نیلم کے ندی نالوں کے پانی کے بہاؤ میں مسلسل اور درجہ حرارت منفی پانچ پر پہنچنے سے سردی میں اضافہ ہوا ہے۔

اس کے علاوہ  موسمیاتی تجزیہ کار کا کہنا ہے کہ کراچی میں اگلے 4 سے 5 دن تک درجۂ حرارت میں اضافہ ہو گا۔،کراچی اور ملحقہ علاقوں میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

موسمیاتی تجزیہ کار نے کہا ہے کہ  شہرِ قائد میں محسوس کیا جانے والا درجۂ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک ہو گا،کراچی میں شمال مغربی ہواؤں کے زیادہ اثر کے باعث نمی کم رہے گی جبکہ رات کے اوقات میں موسم قدرے بہتر ہو جائے گا۔

موسمیاتی تجزیہ کار یہ بھی کا کہنا ہے کہ شہر میں 4 سے 5 دن کے دوران فضائی معیار بھی متاثر رہنے کا امکان ہے۔