گرج چمک کیساتھ بارش کی پیشگوئی،محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کر دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہےجس کے باعث کئی نشیبی علاقے زیر آب آنے،مقامی نالوں / ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے، اس دوران سندھ، جنوبی پنجاب اور مشر قی و جنوبی بلو چستان میں کہیں کہیں آندھی چلنے اور موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا انتباہ جاری کرتے ہوئے کہنا ہے کہ 31 اگست تک شدید بارشوں کے باعث سندھ، بلوچستان اورجنوبی پنجاب کے نشیبی علاقے زیرآب آنے کا خطرہ ہے، ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی ندی نالوں، کراچی، حیدر آباد، دادو، قلات، خضدار، جعفر آباد، سبی، نصیر آباد، بارکھان، لورالائی، آواران، پنجگور، واشک، مستونگ اور لسبیلہ کے مقامی نالوں / ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، موسلادھار بارش کے باعث مری، گلیات، مانسہرہ، کوہستان، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔
اس دوران ملتان، ساہیوال، لاہور، شیخوپورہ، قصور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد جبکہ 29 سے 31 اگست کے دوران اسلام آباد/راولپنڈی، نوشہرہ، صوابی اور پشاور کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید پیشگوئی کی ہے کہ اسلام آباد اور گرد و نواح میں آج مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ تیز ہوائیں چلنے اورگرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں تیز ہوائیں چلنے اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے تاہم اس دوران قصور، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، ملتان، خانیوال، لودھراں، مظفر گڑھ، کوٹ ادو، بہاولپور، بہاولنگر، خانپور اور رحیم یار خان میں تیزبارش ہونے کی بھی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بلوچستان میں دہشتگرد حملے امریکا کا شدید ردعمل سامنے آگیا
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں تیز ہوائیں چلنے اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے تاہم اس دوران بنوں، لکی مروت، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں موسلادھار بارش ہونے کی بھی توقع ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں تیز ہوائیں چلنے اورگرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ اس دوران خضدار، قلات، لسبیلہ، آواران، نصیر آباد، سبی، جعفرآباد، کوہلو، بو لان، جھل مگسی اور پنجگور میں موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع تھرپارکر، نگرپارکر، اسلام کوٹ، مٹھی، میرپور خاص، عمرکوٹ، ٹنڈو اللہ یار، ٹنڈو محمد خان، مٹیاری، سانگھڑ، کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، سجاول، شہید بینظیر آباد، جامشورو، سکھر، گھوٹکی، شکارپور، کشمور، خیرپور، لاڑکانہ، جیکب آباد، دادو اور نوشہروفیروز میں تیز ہوائیں چلنے اورگرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ کہیں کہیں شدید بارش ہونے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔