(اویس کیانی)وزیراعظم شہبازشریف نے کہاہے کہ موڈیز کی جانب سے پاکستان کو سی اے اے ٹو (Caa 2) ریٹنگ دیئے جانا حکومت کی معاشی پالیسیوں کے درست ہونے کا بین الاقوامی اعتراف ہے، دوست ممالک سے سرمایہ کاری کے منصوبوں پر عملدرآمد میں کسی قسم کی سست روی قبول نہیں،تمام وزرا اور متعلقہ ادارے مجوزہ منصوبوں پر پیش رفت کو تیز بنانے کیلئے اقدامات کریں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ملکی معیشت کی ترقی اور سرمایہ کاری کے حوالے سے اقدامات پر جائزہ اجلاس ہوا، وزیر شہباز شریف کی زیر صدارت ملکی معیشت کی ترقی اور سرمایہ کاری کے حوالے سے اقدامات پر جائزہ اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا،اجلاس میں وزیرِ اعظم کو عالمی ریٹنگ کے ادارے موڈیز کی پاکستان کی ریٹنگ میں بہتری، مختلف شعبوں میں دوست ممالک سے سرمایہ کاری کے معاہدوں پر پیش رفت اور جاری منصوبوں کے حوالے سے آگاہ کیا گیا. اجلاس کو چین پاکستان اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے کے تحت منصوبوں پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزرا جان کمال ، احد خان چیمہ،احسن اقبال، محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، سردار اویس لغاری، ڈاکٹر مصدق ملک، عبدالعلیم خان، وزراء مملکت علی پرویز ملک، شزہ فاطمہ خواجہ، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان، وزیرِ اعظم کے کوارڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی،وزیراعظم شہباز شریف نے بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی موڈیز کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ کو اپ گریڈ کرنے پر اطمینان کا اظہارکیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اللہ کے فضل و کرم سے معاشی ٹیم کی کاوشیں رنگ لا رہی ہیں،گزشتہ دورحکومت میں ملک کی خاطر اپنی سیاست کی قربانی دی،پاکستانی معیشت کو دیفالٹ سے بچایا،معیشت استحکام کے بعد ترقی کی جانب گامزن ہے،ان کاکہناتھا کہ حکومت کی جانب سے قومی مفادات کو سیاسی مصلحتوں پر ترجیح دینے کی پالیسی کے مثبت اثرات اب معیشت پر نظر آنے لگے ہیں،موڈیز کی جانب سے پاکستان کو سی اے اے ٹو (Caa 2) ریٹنگ دیئے جانا حکومت کی معاشی پالیسیوں کے درست ہونے کا بین الاقوامی اعتراف ہے،امید ہے کہ معیشت اسی رفتار سے مثبت سمت میں آگے بڑھتی رہے گی،اس اہم پیشرفت اور معیشت کی مجموعی بہتر صورت حال کے حوالےسے وزیر خزانہ اور ان کی ٹیم کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:تحریک انصاف کے سابق ایم این اے سعودی عرب میں گرفتار،وجہ بھی سامنے آ گئی
وزیراعظم شہبازشریف نے کہاکہ دوست ممالک سے ملک کے مختلف شعبوں میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار حکومت کی کاروبار و سرمایہ کاری دوست پالیسیوں کا نتیجہ ہے،دوست ممالک سے سرمایہ کاری کے منصوبوں پر عملدرآمد میں کسی قسم کی سست روی قبول نہیں،تمام وزرا اور متعلقہ ادارے مجوزہ منصوبوں پر پیش رفت کو تیز بنانے کیلئے اقدامات کریں۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، معدنیات و قیمتی پتھروں اور توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی وسیع استعداد موجود ہے،ان شعبوں میں بیرونی سرمایہ کاری سے نہ صرف ملکی برآمدات میں اضافہ ہوگا بلکہ لاکھوں نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہونگے۔وزیراعظم نے تمام منصوبوں میں شفافیت کے عنصر کو کلیدی اہمیت دینے کے ساتھ ساتھ ان کے نفاذ کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنانے کی ہدایت کی۔