این اے 79گوجرانوالہ میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا آرڈر ہائیکورٹ میں چیلنج

Aug 28, 2024 | 21:04:PM

(ملک اشرف)تحریک انصاف کے ایم این اے احسان اللہ ورک نے الیکشن کمیشن کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا آرڈر لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا،جسٹس چودھری محمد اقبال ایم این اے احسان اللہ ورک کی درخواست پر 29 اگست کو  سماعت کریں گے۔

درخواست گزار کی جانب سے بیرسٹر احمد پنسوتا پیش ہوں گے،درخواست میں چیف الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ درخواست گزار حلقہ این اے 79 گوجرانولہ سے رکن قومی اسمبلی ہے ، وہ تحریک انصاف کا حمایت یافتہ کامیاب امیدوار ہے ، مسلم لیگ ن کے ناکام امیدوار کی درخواست پر الیکشن کمیشن نے اس حلقہ میں دوبارہ گنتی کا حکم دیا ، الیکشن کمیشن کنسولیڈیشن سے پہلے دی گئی درخواست پر دوبارہ گنتی کا حکم نہیں دے سکتا ، الیکشن ٹریبونل کے قیام کے بعد الیکشن کمیشن دوبارہ گنتی کرنے کے آرڈر کرنے کا اختیار نہیں رکھتا ۔

 درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت الیکشن کمیشن کا حلقہ این اے 79 گوجرانولہ میں دوبارہ گنتی کا آرڈر کالعدم قرار دے ، مزید استدعا کی گئی ہے کہ کیس کے حتمی فیصلے تک الیکشن کمیشن کا آرڈر معطل کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں:تحریک انصاف کے سابق ایم این اے سعودی عرب میں گرفتار،وجہ بھی سامنے آ گئی

مزیدخبریں