جاتی سردی ٹھہر گئی،محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیشگوئی کردی
گلیات،وادی نیلم اور وادی لیپا میں شدید برفباری سے ٹریفک کی روانی متاثر ،سیاح مشکلات کا شکار

Stay tuned with 24 News HD Android App

(24نیوز)محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کی پیشگوئی کردی ۔
محکمہ موسمیات کی جانب سےاسلام آباد میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کاامکان ظاہر کیاگیا ہے،مری، گلیات، ناران، کاغان، دیر اور سوات میں بھی مزید بارش ہونے کی توقع ہے۔
راولپنڈی، اٹک، جہلم، گجرات، چکوال، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، اوکاڑہ، قصور، بہاولنگر، بہاولپور اور شیخوپورہ میں بھی مزید بارش کا امکان ہے۔
صوابی، مردان، مالاکنڈ، باجوڑ، نوشہرہ، پشاور، چارسدہ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ، استور اور ہنزہ میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں بارش اورلینڈسلائیڈنگ کا بھی خدشہ ظاہرکیاگیا ہے۔
کوئٹہ،زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ اور قلعہ سیف اللہ میں بارش کی توقع ہے جبکہ قلات، ژوب، موسیٰ خیل، لورالائی، بارکھان اور سبی میں بارش کے ساتھ ساتھ برف باری کابھی امکان ہے، خضدار میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بانی ملنا چاہتے تھے، ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی:عمر ایوب
سکردو، وادی نیلم، باغ، پونچھ اور حویلی میں بھی مزید بارش کی توقع ہے،آزاد کشمیر کے اکثر علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ہے جبکہ گلگت بلتستان میں بھی بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کاخدشہ ظاہر کیاگیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔
ملک کے کئی حصوں میں موسلادھار بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے،خیبرپختونخوا، پنجاب اور بلوچستان میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری سے جاتی سردی ٹھہر گئی ہے۔
ادھر گلیات ، وادی نیلم اور وادی لیپا میں شدید برف باری سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے سے سیاح مشکلات کا شکار ہوگئے جبکہ مواصلاتی نظام بھی درہم برہم ہوگیا۔
استور میں تیسرے روز بھی برفباری کا سلسلہ جاری ہے اور بالائی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہے جبکہ 3 روز سے جاری برفباری کے باعث بجلی اورپانی کی سپلائی معطل ہے،استور کے کئی بالائی علاقوں میں 3 سے 4 فٹ تک برف پڑچکی ہے جس سے نظام زندگی درہم برہم ہے، خچک کے مقام پر برفانی تودہ گرنے سے استور ویلی روڈ بلاک ہوگئی۔
یہ بھی پڑھیں: دورہ نیوزی لینڈ، قومی کرکٹ ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں کی نئی چال سامنے آگئی
شدید برف باری کے باعث آزاد کشمیر کی وادی لیپا اور کیل سیری کے مقام پر پھنسے 200 کے قریب سیاحوں کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا ، برفانی تودے گرنے سے شاردہ تاؤبٹ مرکزی شاہراہ متعدد مقامات پر بند ہوگئی۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آج بالائی خیبرپختونخوا، بلوچستان، پنجاب، خطہ پو ٹھو ہار، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کردی ہے۔