بنگلہ دیش،ناہد اسلام نے نئی سیاسی جماعت ’جاتیا ناگورک پارٹی‘ کی بنیاد رکھ دی

Stay tuned with 24 News HD Android App

(ویب ڈیسک)بنگلہ دیش میں طلبہ تحریک کی قیادت کرنے والے اور سابق وزیرِ اعظم شیخ حسینہ کی حکومت کا تختہ الٹنے والی تحریک کے رہنما ناہد اسلام نے سیاست میں قدم رکھتے ہوئے نئی سیاسی جماعت ’جاتیا ناگورک پارٹی‘ کی بنیاد رکھ دی۔
بنگلہ دیش کے اخبار ڈیلی اسٹار کی رپورٹ کے مطابق طلبہ کی نئی جماعت بنگلہ دیش میں رواں برس کے اختتام پر ممکنہ طور پر ہونے والے انتخابات میں حصہ لے گی۔ طلبہ تحریک کی قیادت کرنے والے ناہد اسلام نے نوبیل انعام یافتہ پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس کی عبوری حکومت میں مشیر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ بنگلہ دیش میں مبینہ امتیاز کے خلاف تحریک چلانے والے طلبہ کے پلیٹ فارم 'جاتیا ناگورک کمیٹی' نے ایک فیس بک پوسٹ میں پارٹی کے نام کی تصدیق کی ہے۔کمیٹی نے پارٹی کے لیے 'جاتیا ناگورک پارٹی' کا نام تجویز کیا ہے جس کا انگریزی مخفف این سی پی یعنی نیشنل سٹیزن پارٹی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ناہد اسلام پارٹی کے کنوینر جب کہ اختر حسین سیکریٹری ہوں گے۔ پارٹی میں چار دیگر اہم عہدوں کے لیے بھی ناموں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ ناہد اسلام بنگلہ دیش میں گزشتہ برس کوٹہ سسٹم کے خلاف ہونے والے مظاہروں کے روح رواں تھے۔ان کی قیادت میں شروع ہونے والی طلبہ تحریک وزیرِ اعظم شیخ حسینہ کے اقتدار کے خاتمے کی وجہ بنی تھی۔طلبہ کے احتجاج کی وجہ سے پانچ اگست 2024 کو وزیرِ اعظم شیخ حسینہ اقتدار اور ملک چھوڑ کر بھارت میں پناہ لینے پر مجبور ہوئی تھیں اور وہ بدستوربھارت میں ہی موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:سابق وفاقی وزیر مرتضی جتوئی کو جیل سے رہا کردیا گیا