کراچی طیارہ حادثہ، ڈائریکٹر پروگرامنگ سٹی نیوز نیٹ ورک سید انصار علی نقوی کو بچھڑے 5 برس بیت گئے

Stay tuned with 24 News HD Android App

(شعیب مختار)کراچی میں پی آئی اے کے طیارے کو پیش آئے حادثے کو 5 سال مکمل ہوگئے۔
28 رمضان المبارک 2020 کو پی آئی اے کے طیارے کو پیش آنے والے واقعے میں سینئر صحافی اور سابق ڈائریکٹر پروگرامنگ سٹی نیوز نیٹ ورک سید انصار علی نقوی سمیت 97 افراد زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔
پی آئی اے کے طیارے نے 28 رمضان المبارک 2020 کو لاہور سے کراچی کے لیے اُڑان بھری مگر بدقسمتی سے منزل سے پہلے ہی طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا اور ملیر ماڈل ٹاؤن میں آبادی پر گر گیا۔
حادثے کے شکار طیارے میں سابق ڈائریکٹر پروگرامنگ سٹی نیوز نیٹ ورک سینئر صحافی انصارنقوی بھی سوار تھے جو دوسرے مسافروں کی طرح عید منانے گھر جا رہے تھے۔
شہید انصار نقوی کے دوست ان کی شہادت کو صحافت کا بڑا نقصان قرار دیتے ہیں، سینئر صحافی مظہر عباس کہتے ہیں کہ یقین نہیں آتا، اس حادثے کو پانچ سال گزر گئے، انصار سے بہت پرانا تعلق تھا، مجھے آج بھی وہ دن یاد ہے، ہم دعا کر رہے تھے خدا کرے وہ اس طیارے میں سوار نہ ہوں۔
انصار نقوی کے قریبی ساتھی سینئر صحافی طاہر حسن خان کا کہنا ہے کہ میرا انصار نقوی کا تعلق پچیس سال پرانا تھا، ان کی کارکردگی پر وہ ایک اچھے مقام پر پہنچے تھے، انصار نقوی کی موت ایک بڑا سانحہ ہے، انہیں آج بھی صحافتی حلقوں میں اچھے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔
طیارہ حادثہ کی فائنل رپورٹ گزشتہ برس جاری کر دی گئی تھی جس میں حادثے کو انسانی غلطی قرار دیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں :میانمار, تھائی لینڈ میں زلزلہ, وزارت خارجہ نے کرائسس مینجمنٹ سیل فعال کر دیا