(روزینہ علی) عدالتی حکم کے باوجود رہنما پی ٹی آئی ڈاکٹر شیریں مزاری کی گرفتاری پر آئی جی اسلام آباد نے تحریری معافی مانگ لی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں عدالتی حکم کے باوجود رہنما پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) ڈاکٹر شیریں مزاری کی گرفتاری پر آئی جی اسلام آباد کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی، اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سماعت کی، انسپکٹر جنرل اسلام آباد اکبر ناصر خان عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد پولیس کو ڈاکٹر شیریں مزاری کی گرفتاری سے روکنے کا اسلام آباد ہائیکورٹ کا حکم
عدالت میں پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر شیریں مزاری کی گرفتاری میں ملوث متعلقہ اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کاروائی شروع کر دی گئی ہے، عدالتی حکم پر پولیس رپورٹ کی کاپی درخواست گزار کو فراہم کر دی گئی۔
آئی جی اسلام آباد اپنے تحریری جواب میں عدالت سے معافی مانگ چکے ہیں۔
واضح رہے کہ اسلام آباد پولیس کو ڈاکٹر شیریں مزاری کی گرفتاری سے روکنے کا اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکم جاری کیا تھا لیکن عدالتی حکم کے باوجود ان کو گرفتار کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ شیریں مزاری کی بیٹی ایمان مزاری نے توہین عدالت کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔