(روزینہ علی)محکمہ موسمیات نے وفاقی دارالحکومت سمیت پنجاب ،کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی نوید سنا دی،جس سے سموگ، گردوغبار اور آلودگی میں کمی کاامکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کے روزاسلام آباد اور گردونواح میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ صبح کے اوقات میں تیز ہواؤں/ جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
ادھرخیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ صبح میں چترال ، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بونیر،مالاکنڈ، باجوڑ، مانسہرہ اور ایبٹ آبادمیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ پشاور، خیبر، مہمند،صوابی،ہری پور، نوشہرہ، مردان، کوہاٹ، کرم ، ہنگو اور کرک میں جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش متوقع ہے، اس دوران چند مقا مات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق پنجاب میں مری،گلیات، راولپنڈی ، اٹک چکوال اورجہلم میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ صبح کے اوقات میں تیز ہواؤں/ جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔ اس دوران چند مقا مات پر ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔ تاہم میانوالی، خوشاب، سرگودھا،گجرات، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، لاہور اور سیالکوٹ میں تیز ہوائیں/ جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ چند مقا مات پر بارش ہو سکتی ہے ۔ صوبہ کے دیگر اضلاع میں موسم خشک رہے گا ۔
ادھربلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ شمالی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بلند بالا پہاڑوں پر ہلکی برف باری کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں:یکم نومبر کو تعطیل کا اعلان، نوٹیفکیشن جاری