(24 نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ جب تک پولیو کو ہمیشہ کیلئے شکست نہ دے لیں چین سے نہیں بیٹھیں گے، انشاء اللہ جلد پاکستان پولیو فری ملک بنے گا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت انسداد پولیو کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے قومی صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ، وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیراعظم کو ملک میں حالیہ پولیو کیسز اور انسداد پولیو مہم کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ ملک میں اس وقت پولیو کے ایکٹو کیسز کی تعداد 41 ہو چکی ہے، ان کیسز میں سے 25 کیسز ایسے ہیں جن کی روٹین امیونائیزیشن بہتر نہیں ہے، ملک کے جن علاقوں میں بچوں میں پولیو ویکسینیشن کی شرح بہتر ہے وہاں پولیو کا پھیلاؤ کم ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کوآرڈینیٹر قومی صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ، فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق اور سیکرٹری قومی صحت کو حالیہ انسداد پولیو مہم کےدوران ملک میں پولیو سے زیادہ متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کی ہدایت جاری کی، وزیراعظم نے نے انسداد پولیو مہم کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروانے، امیونیٹی گیپ کے حوالےسے جامع حکمت عملی ترتیب دینے کی بھی ہدایات جاری کیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایمان مزاری اور شوہر کی گرفتاری، اسلام آباد ہائیکورٹ بار بھی میدان میں آ گیا
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے مل کر پولیو جیسے چیلنج کو شکست دینی ہے، انشاء اللہ جلد پاکستان پولیو فری ملک بنے گا، جب تک پولیو کو ہمیشہ کیلئے شکست نہ دے لیں چین سے نہیں بیٹھیں گے، پولیو کے خاتمے کے حوالے سے حکومتی پولیو ٹیم کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔