صارفین کیلئے بجلی بلوں کی اقساط کی سہولت ختم، عوام سخت پریشان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی) بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے بجلی صارفین کو اقساط کی سہولت ختم کرنے کے بعد عوام سخت پریشانی میں مبتلا ہیں۔ سفید پوش اور غریب صارفین جو مہنگے بجلی کے بلوں کی اقساط کروا کر ادائیگی کر دیتے تھے، اب مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے احکامات کے تحت سال میں صرف ایک بار قسطوں کا موقع فراہم کیا جاتا ہے اور بل کی آخری تاریخ میں توسیع نہیں کی جاتی، جس نے عوام کی پریشانی میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
ڈسٹری بیوشن کمپنیز (ڈسکوز) کے دفاتر میں بیواؤں، سرکاری ملازمین اور غریب بجلی صارفین مایوس ہو کر جانے لگے ہیں۔ مہنگائی کے اس دور میں غریب عوام اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے گھروں کا سامان فروخت کرنے پر مجبور ہیں۔
عوام نے وزیر توانائی اور وزیراعظم سے درخواست کی ہے کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیں اور بجلی بلوں کی ادائیگی میں مزید سہولت فراہم کریں۔ سرکاری کمپنیوں نے نیپرا کے احکامات کے تحت عوام کو بلوں کی قسطیں کرنا بند کر دی ہیں، جس سے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کا 150بنیادی مراکز صحت ٹھیکے پر دینے کا فیصلہ
ذہن نشیں رہے کہ بجلی صارفین کی یہ صورتحال عوامی سطح پر بڑے پیمانے پر تشویش کا باعث بن رہی ہے اور انہیں امید ہے کہ حکومت جلد اس مسئلے کا حل نکالے گی۔