وفاقی دارالحکومت میں سپورٹرز کو بے جا تنگ کیا جا رہا ہے ، پی ٹی آئی رہنما پھٹ پڑے

Jan 29, 2024 | 15:39:PM

(24 نیوز )پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شعیب شاہین اور عامر مغل کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ الیکشن میں10 دن باقی رہ گئے ہیں لیکن پی ٹی آئی  کے خلاف پروپیگنڈا چل رہا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق  اسلام آباد کے حلقہ این اے 46 ، این اے 47 اور این اے 48 سے پی ٹی آئی   کے امیدواروں نے پریس کانفرنس کی این اے 47 سے امیدوار شعیب شاہین کا کہنا تھا کہ سب کو معلوم ہے کہ پچھلے 2 سال سے پی ٹی آئی کے خلاف پروپیگنڈا چل رہا ہے، الیکشن کو صرف دس دن رہ گئے ہیں لیکن ستم اور یزیدیت کی پیروکاری اسی طرح جاری ہے، این اے 47 میرا حلقہ مقتدر حلقوں کے بیچ کا حلقہ ہے،
یہاں پی ایم ہائوس ہے، سپریم کورٹ ہے ، پرلیمنٹ ہاوس بھی ہے، ہمارے لوگوں کواٹھایا گیا، بیان دلوائے گئے،جب انہوں نے دیکھا کہ پی ٹی آئی کی مقبولیت بڑھ رہی ہے تب انہوں  نے کاغذات نامزدگی چھیننا شروع کر دئیے، سپریم کورٹ میں ہم گئے،سپریم کورٹ کو ہم نے ثبوت دکھائے تو انہوں نے کہا کہ میں نہیں دیکھتا، احتجاجا میں نے اپنی پٹیشن واپس لے لی۔ 
شعیب شاہین کا کہنا تھا کہ چک شہزاد کے ایس ایچ او نے کل میرے تین چار سپوٹرز جو جھنڈا لے کر جا رہے تھے انہیں آوارہ گردی میں اندر کر دیا، ایک معتبر شخص کو کل دن دو بجے سے رات 9 بجے تک تھانہ نیلور میں بند رکھا ،تھانہ پھلگراں سے بھی رات کو چھ گاڑیاں ہمارے ایک سپورٹر کے گھر گئی، تھانہ بنی گالہ کے ایس ایچ او اشفاق ورائچ نے بھی ہمارے سپورٹز کو کہا کہ آپ شعیب شاہین کا ساتھ چھوڑ دیں۔ 
 پی ٹی آئی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ میں پوچھنا چاہتا ہوں آئی جی، ڈی سی اسلام آباد اور اداروں سے کہ کیا آپ نفرت پیدا کر کے لوگوں کے دل جیت لیں گے، پورا میڈیا اور انٹرنیشنل میڈیا بھی دیکھ رہا ہے،منصف اعظم نے نے لیول پلینگ فیلڈ کا حکم دیا ، کیا یہ لیول پلینگ فیلڈ ہے، پوری دنیا کا میڈیا دیکھ رہا ہے اور آپ ببانگ دہل یہ سب کر رہے ہیں، تمام پبلک سرونٹس کو وارننگ دیتا ہوں کہ ہوش کے ناخن لیں، آپ کٹھ پتلی نہیں بن سکتے ایسا رویہ اختیار نہ کریں، پبلک سرونٹس یاد رکھیں کہ یوم احتساب قریب ہے۔ 
قومی اسمبلی کے حلقہ  این اے 46 سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عامر مغل کا کہنا تھاکہ این اے 46 میں بھی ایسی ہی صورتحال ہے جیسی شعیب شاہین نے بتایا ، پی ٹی آئی کا مقابلہ پولیس سے چل رہا ہے، کل شاہ اللہ دتہ میں میرا ایک جلسہ ہوا ہے ، پولیس لوگوں کو ہراساں کرتی ہے، کل ایک کارکن کو گرفتار کیا پولیس نے اور یہ کہا کہ اگر پی ٹی آئی چھوڑو گے تو تمہیں آزاد کروں گا، ڈی سی اسلام آباد بد قسمتی سے ڈی آر او بھی ہیں، یہ تاریخ کا بدترین الیکشن ہونے جا رہا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما عامر مغل کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں اگر یہ ہو رہا ہے تو دو ردراز علاقوں میں کیا ہو گا؟ آئی جی اسلام آباد اگر الیکشن لڑنا چاہتے ہیں تو پارٹی بن کر سامنے آئیں، ان کی اس طرح کی حرکتوں سے لوگوں کا غصہ بڑھ رہا ہے، الیکشن والے دن لوگ بڑے تعداد میں باہر نکلیں گے، ہمارے جی نائن والی ریلی پر کل کاٹھی چارج بھی کیا گیا، میں مطالبہ کرتا ہوں چیف الیکشن کمشنر سے، چیف جسٹس سے، اسلام آباد میں پولیس ہر اس شخص کے پیچھے ہے جو کارنر میٹینگ کرواتا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور این اے 48 سے امیدوار علی بخاری کا کہنا تھا کہ ہمارےکارکنوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے،میرے کیمپ آفس میں بھی پولیس نے آکر ہمیں روک لیا،ہمارے چیف سپوٹر کے بیٹے کو بھی اٹھا لیا ،ہمیں یہی کہا جا رہا ہے کہ کوئی بھی جلسہ کرے گا یا میٹنگ کرے گا اس کو ہم نہیں چھوڑیں گے،ہمیں لگ رہا ہے کہ ہم ایس پی سے الیکشن لڑ رہے ہیں،میرے مقابلے میں جو امیدوار ہے اس کو پولیس اپنے حصار میں لے کر جارہی ہے،ہم الیکشن لڑیں گے اور ریکارڈ کروائیں گے،ہم تمام چیزوں کے ثبوت بھی دے سکتے ہیں،ہم ڈرنے والے نہیں ہیں اور الیکشن لڑیں گے،ظلم کا بدلہ ووٹ سے لیں گے لوگ۔

یہ بھی پڑھیں : معروف اینکر کا اہلیہ پر تشدد ؟ تصاویر نے سوشل میڈیا پر آگ لگا دی

مزیدخبریں