ماضی کے اداکار علی افضل نے شوبز سے کنارہ کشی کیوں اختیار کی؟

Jan 29, 2024 | 19:40:PM

(24 نیوز) پاکستان شوبز انڈسٹری کے ماضی کے  اداکار علی افضل خان نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہوں نے سابق مشہور گلوکار، مرحوم جنید جمشید سے متاثر ہوکر شوبز انڈسٹری کو خیرباد کہا تھا۔

علی افضل خان نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے کے بارے میں بات کی۔

اُنہوں نے بتایا کہ میں نے 20 سے 22 سال انڈسٹری میں کام کیا اور اپنے طویل کیریئر کے دوران میں نے بطور اداکار و میزبان کئی پروجیکٹس کیے، اسی دوران جنید جمشید چونکہ معروف نعت خواں اور سنگر تھے اور میں اداکار تھا تو ہماری اکثر و بیشتر ملاقات ہوتی رہتی تھی۔

علی افضل خان نے کہا کہ میزبانی کے دوران قرآن پاک کو جاننا اور سمجھنا شروع کیا اور پھر کچھ ذاتی اختلافات کی بناء پر میزبانی چھوڑی تو جنید جمشید نے مجھے دینی تبلیغ کی طرف مائل کیا اس دوران میں نے پہلے 3 اور پھر 40 دن کا چلّا کاٹا اور نماز باقاعدگی سے پڑھنا شروع کردی۔

یہ بھی پڑھیے: نجی ٹی وی کے اینکر کا اپنی اہلیہ پر وحشیانہ تشدد،تصاویر سامنے آگئیں،مقدمہ درج

اُنہوں نے کہا کہ جب اسلامی تعلیمات پر عمل کرنا شروع کیا تو مجھے دو مختلف راستوں میں سے ایک کا انتخاب کرنا تھا تو میں نے شوبز انڈسٹری کو خیرباد کہہ کر دین کا راستہ منتخب کرلیا۔

علی افضل خان نے بتایا کہ ایک اداکار جو اپنے کیریئر کی بلندی پر ہو اس کیلئے اپنا کیریئر چھوڑنا آسان نہیں ہوتا، میرے لیے بھی یہ فیصلہ مشکل تھا لیکن میں نے شوبز چھوڑنے سے 8 سے 9 ماہ پہلے ہی خود سے عہد کرلیا تھا کہ میں شوبز چھوڑ دوں گا اور اس کے بعد میں نے کنٹریکٹس کرنا بند کر دیے۔

اُنہوں نے بتایا کہ مجھے شوبز انڈسٹری سے مختلف لوگ ابھی تک مختلف کرداروں کیلئے پیشکش کرتے رہتے ہیں لیکن میں منع کر دیتا ہوں۔

علی افضل خان نے کہا کہ میں تاریخی کردار ادا کرنے کیلئے اب بھی راضی ہوں تو اگر کسی نے مجھے ایسے کسی کردار کی پیشکش کی تو میں تیار ہوں۔

مزیدخبریں