نوجوانوں کی ترقی کو ترقیاتی بجٹ میں خصوصی اہمیت دی جائے: نگران وزیراعظم
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کی ترقی کو ترقیاتی بجٹ میں خصوصی اہمیت دی جائے اور ٹیکس کا پیسہ عوام کا ہے لہٰذا تمام ترقیاتی منصوبوں کا محورعوامی فلاح و بہبود ہونا چاہیے۔
نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیرِ صدارت قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا, اجلاس میں وفاقی وزراء ڈاکٹر شمشاد اختر، سمیع سعید، شاہد اشرف تارڑ، وزراءِ اعلی جسٹس (ر) مقبول باقر، جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ، سردار علی مردان ڈومکی اور متعقلہ اعلی حکام نے شرکت کی، اجلاس کو ملکی مجموعی اقتصادی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا اور 6 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔
پہلا ایجنڈا
اجلاس میں قومی ترقیاتی بجٹ مالی سال 2024-25 کیلئے ترجیحات و راہنما اصول منظوری کیلئے پیش کئے گئے، اجلاس کو بتایا گیا کہ نئے راہنما اصولوں کے مطابق قومی نوعیت کے ایسے ترقیاتی منصوبے جن پر 80 فیصد کام مکمل ہے ان کی تکمیل کیلئے بجٹ میں رقم ترجیحی بنیادوں پر مختص کی جائے گی اور ترقیاتی بجٹ میں قومی نوعیت کے نئے منصوبوں کیلئے صرف 10 فیصد رقم مختص کی جائے گی، قومی اقتصادی کونسل نے ہدایت کی کہ نئے منصوبوں کو ترقیاتی بجٹ میں شامل کرتے وقت یہ تعین کرلیا جائے کہ صرف ایسے نئے منصوبے ترقیاتی بجٹ کا حصہ ہوں جو ٹھوس ترقیاتی نتائج پر مبنی ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان کی سنی گئی، وزیر تجارت نے اہم اعلان کر دیا
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ آئندہ مالی سال کے قومی ترقیاتی بجٹ میں صوبائی نوعیت کے منصوبوں کی شمولیت کی بجائے صرف نئے انضمام شدہ اضلاع (سابقہ فاٹا) اور 20 پسماندہ اضلاع کے ترقیاتی منصوبے وفاقی ترقیاتی بجٹ کا حصہ ہوں گے، وزیرِ اعظم نے بھی ہدایت دی کہ پسماندہ اضلاع کی فہرست مرتب کرنے کیلئے مقرر کردہ معیار کا ازسر نو جائزہ لے کر اسے بہتر کیا جائے تاکہ ملک کے تمام پسماندہ اضلاع کی اس فہرست میں شمولیت یقینی ہو۔
قومی اقتصادی کونسل نے یہ بھی ہدایت کی کہ نئے انضمام شدہ اضلاع اور پسماندہ اضلاع کی ترقی کے اہداف کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے اور وہاں کے لوگوں کو روزگار کی فراہمی سے ان کی معاشی ترقی یقینی بنائی جائے.
دوسرا ایجنڈا
اجلاس میں وفاقی پی ایس ڈی پی (2023-24) کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا، اس حوالے سے اجلاس کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کی سفارشات پیش کی گئیں، کونسل نے ایپکس کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی کہ وزیرَ اعظم کے پروگرام برائے ترقیِ نوجوانان بالخصوص سکل ڈویلپمنٹ پروگرام اور یوتھ اینڈوامنٹ سکالر شپ فار ٹیلنٹڈ سٹوڈنٹس کو قومی ترقیاتی بجٹ میں بھرپور طریقے سے جاری و ساری رکھا جائے اور اس امر کیلئے فنڈنگ یقینی بنائی جائے.
تیسرا ایجنڈا
اجلاس میں کونسل کو تیرہویں 5 سالہ ترقیاتی منصوبے کی ترجیحات کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا، اجلاس کو بتایا گیا کہ تیرہویں 5 سالہ ترقیاتی پلان کے تحت ملک بھر میں مختلف علاقوں کی ترقی، ماحول و موسمیاتی تبدیلی، سیاحت، زراعت، صنعت، توانائی، گورننس، بیرونی سرمایہ کاری، چھوٹے اور درمیانی سطح کے کاروبار کو سہولت، گورننس کے طریقہ کار کی بہتری اور سرکاری امور کی انجام دہی و سروس ڈیلوری کیلئے ٹیکنالوجی کیلئے اقدامات پر بھرپور توجہ دی جائے گی، کونسل نے تیرہویں 5 سالہ ترقیاتی منصوبے میں ان شعبہ جات پر توجہ مرکوز کرنے کی منظوری دیتے ہوئے یہ ہدایت کی کہ اس مسودے کو حتمی شکل دے کر منظوری کیلئے پیش کیا جائے.
چوتھا ایجنڈا
اجلاس کو عالمی مالیاتی ادارے کے اشتراک سے پبلک انویسٹمنٹ مینجمنٹ ایسسمنٹ (PIMA) اور کلائمیٹ PIMA کی رپورٹ پیش کی گئی، اجلاس کو رپورٹ کے تناظر میں مرتب کی گئیں سفارشات سے بھی آگاہ کیا گیا، کونسل نے لائحہ عمل کی منظوری دیتے ہوئے موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے بچاؤ اور قدرتی آفات سے نبردآزما ہونے کیلئے حکمت عملی کو جدید اور بین الاقوامی خطوط پر استوار کرنے کی ہدایت کی۔
پانچواں ایجنڈا
قومی اقتصادی کونسل نے رواں مالی سال میں ترقیاتی اعشاریوں کا بھی جائزہ لیا، اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں مالی سال میں معاشی ترقی کی سالانہ شرح نمو کے 3.5 فیصد ہدف کے حصول کیلئے پہلی سہ ماہی میں مجموعی معاشی شرح نمو 2.1 فیصد رہی، نگران حکومت کے معاشی بحالی کے ٹھوس اقدامات کی بدولت ملکی معیشت میں بہتری آرہی ہے اور تجارتی خسارے میں کمی واقع ہوئی.
یہ بھی پڑھیں: اہم اسلامی ملک نے ایک ساتھ 3سیٹلائیٹ خلا میں بھیج دیئے
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ (جولائی تا دسمبر 2023) میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (FBR) نے اپنے ہدف سے زیادہ ٹیکس جمع کیا جبکہ غیر ملکی کرنسی کے غیر قانونی کاروبار اور انسداد سمگلنگ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کی بدولت روپے کی قدر مستحکم ہوئی اور سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلاتِ زر میں بھی اضافہ ہوا، کونسل نے معاشی اہداف کے حصول کیلئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ان اقدامات کو مزید تیز تر کرنے کی ہدایت کی۔
چھٹا ایجنڈا
اجلاس کو پائیدار ترقی کے اہداف (SDGs) کیلئے قومی اقتصادی کونسل کی ذیلی کمیٹی کی رپورٹ بھی پیش کی گئی، کونسل نے ہدایت کی کہ صرف ایسے منصوبوں کی آئندہ قومی ترقیاتی بجٹ میں شمولیت یقینی بنائی جائے جن پر کام تیزی سے جاری ہے اور کلائمیٹ فنانس پر بھرپور توجہ مرکوز کی جائے کیونکہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک کی فہرست میں شامل ہے، اس کے علاوہ کونسل نے پورے ملک میں عوامی فلاح اور معاشی ترقی کے صحیح منظر نامے کیلئے تمام صوبوں اور وفاق کے تعاون سے ایک ملٹیپل انڈیکیٹر کلسٹر سروے (MICS) منعقد کرنے کی بھی ہدایت کی.
نگران وزیراعظم کا خطاب
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ٹیکس کا پیسہ عوام کا پیسہ ہے، لہٰذا تمام ترقیاتی منصوبوں کا محور عوامی فلاح و بہبود ہونا چاہیے، قومی نوعیت کے بڑے ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کرکے ان کی معینہ مدت میں تکمیل یقینی بنائی جائے، مواصلاتی بنیادی ڈھانچے کی ترقی، پن بجلی و آبی ذخائر کی ترقی، زراعت، صنعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ افرادی قوت بالخصوص نوجوانوں کی ترقی کو ترقیاتی بجٹ میں خصوصی اہمیت دی جائے.
یہ بھی پڑھیں: معروف یوٹیوبر کو اہلِ خانہ سمیت قتل کی دھمکیاں، ویڈیو بیان میں حیران کن وجہ بھی بتا دی
نگران وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ قومی اقتصادی کونسل ملک میں معاشی فیصلہ سازی کیلئے صوبوں اور وفاق پر مشتمل سب سے بڑا آئینی ادارہ ہے، وفاقی حکومت ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے فیصلہ سازی میں صوبوں کی مشاورت کو کلیدی اہمیت دیتی ہے، خوش آئندہ بات ہے نگران حکومت کے قلیل دورِ میں ملکی ترقیاتی اہداف کے حصول میں خاطر خواہ کامیابی حاصل ہوئی، بے شمار معاشی چیلنجز کے باوجود عوامی فلاح کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرکے ہی ملکی ترقی کا حصول ممکن ہے.