مختلف شہروں میں بارش کی پیشگوئی،پہاڑوں پر برفباری 

لاہورمیں ائیر کوالٹی انڈیکس میں بہتری،آلودہ شہروں کی فہرست میں پانچویں نمبر پر آگیا

Jan 29, 2025 | 09:21:AM
مختلف شہروں میں بارش کی پیشگوئی،پہاڑوں پر برفباری 
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)محکمہ موسمیات نے اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش کی پیشگوئی کردی ۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم بالائی خیبر پختو نخوا، گلگت بلتستان،کشمیر اور خطہ پوٹھوہار میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پربرفباری کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔

مری، گلیات اور گرد و نواح میں رات کے اوقات میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ بارش اور برف باری کا امکان ہے،اس دوران راولپنڈی، اٹک، جہلم اور چکوال میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ دیر، چترال، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بٹگرام، شانگلہ، بونیر، سوات، باجوڑ، خیبر، کوہاٹ اور کرم میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔

سندھ اوربلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی اضلاع میں شدید سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے،کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ بارش اور برف باری کا امکان ہے۔

 بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں شدید سردی جبکہ درجہ حرارت  منفی 4 ڈگری تک ریکارڈ کیا گیا,محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے کئی اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ شمالی اضلاع میں موسم شدید سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3 اور قلات میں منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا,اسی طرح زیارت میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4 اور ژوب میں منفی ایک،سبی میں 10 اور تربت میں 13 ڈگری، اس کے علاوہ نوکنڈی میں 4 اور چمن میں صفر ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ  کیا گیا ہے,اسی طرح گوادر میں کم سے کم درجہ حرارت 10 اور جیوانی میں 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کا غزہ جنگ بندی معاہدے کے تمام مراحل پر عمل درآمد کرانے کا مطالبہ

دوسری طرف لاہور شہر میں ائیر کوالٹی انڈیکس میں بہتری آئی ہے اور فضائی آلودگی کی مجموعی شرح 173 ریکارڈ کی گئی  جس کے بعد آلودہ شہروں کی فہرست میں لاہور پانچویں نمبر پر آگیاہے، لاہور کا موسم سرد درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے،تاہم لاہور میں آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان موجود نہیں۔

ماہرین کے مطابق دن بھر کم سے کم درجہ حرارت 11 اور زیادہ سے زیادہ 21 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جائے گا۔