ممبئی میں یوکرینی اداکار پونزی اسکینڈل میں گرفتار

لوگوں کو قیمتی پتھروں اور سونے چاندی میں سرمایہ کاری پر بھاری منافع کا لالچ دیا گیا تھا

Jan 29, 2025 | 10:16:AM

(ویب ڈیسک)ممبئی میں پونزی اسکیم کے ذریعے سینکڑوں لوگوں کو دھوکہ دینے کے الزام میں یوکرینی اداکار ارمین اٹائن کو گرفتار کر لیا گیا۔ 

اس اسکینڈل کے تحت لوگوں کو قیمتی پتھروں، سونے اور چاندی میں سرمایہ کاری پر بھاری منافع کا لالچ دیا گیا تھا۔

ٹوریس جیولری نے فروری 2024 میں ممبئی اور مضافات میں چھ اسٹورز کھولے تھے جو قیمتی جواہرات بیچنے کے ساتھ ساتھ ایک بونس اسکیم کی پیشکش بھی کر رہے تھے، جس میں 1 لاکھ روپے کی سرمایہ کاری پر 10 ہزار روپے کے قیمتی پتھر کا لاکٹ دیا جاتا تھا۔

سرمایہ کاروں کو 6 فیصد سالانہ منافع دینے کا وعدہ کیا گیا تھا جو بعد میں 11 فیصد تک پہنچا دیا گیا،آغازمیں سرمایہ کاروں کو کچھ ادائیگیاں کی گئیں، لیکن دو ماہ قبل یہ ادائیگیاں بند ہو گئی تھیں۔

اس ماہ کے آغاز میں کمپنی نے یوٹیوب پر ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ 5 جنوری تک سرمایہ کاری کرنے والوں کو 11 فیصد منافع ملے گا، لیکن اگلے دن تمام اسٹورزاچانک بند کر دیئے گئے۔

اس اسکینڈل کے زیادہ ترمتاثرین متوسط طبقے کے لوگ،سبزی فروش اورچھوٹے تاجر ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق صرف سات شکایت کنندگان نے پولیس کو بتایا کہ انہوں نے مجموعی طور پر 13 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی تھی،ایک متاثرہ خاتون نے بتایا کہ اسکیم کے بروشر میں کمپنی کے GST اور CIN نمبر درج تھے، جس سے انہیں اعتماد ہوا،ہم حکومت سے درخواست کرتے ہیں کہ ہمیں ہمارا پیسہ واپس دلائے۔

یہ بھی پڑھیں:طلاق کے بعد پہلی بار ایوارڈ شو میں شرکت، احد اور سجل علی جذباتی ہوگئے

ٹوریس کے یوٹیوب اکاؤنٹ پر حال ہی میں ایک ویڈیو جاری کی گئی، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ کمپنی کے سی ای او توصیف ریاض اور چیف اینالسٹ ابھشیک گپتا نے کمپنی کے ساتھ دھوکہ کیا اور اسٹورز کو لوٹ لیا۔

مزیدخبریں