(ویب ڈیسک) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) شہریوں کو محتاط رہنے کے لیے ایک اہم ہدایت جاری کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پی ٹی اے کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری کردہ ایک اہم بیان میں شہریوں کو کلون یا ڈپلیکیٹ موبائل ڈیوائسز کے استعمال میں احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے, سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں پی ٹی اے نے واضح کیا ہے کہ عوام موبائل ڈیوائس خریدتے وقت محتاط رہیں, ہمیشہ اپنے قابل اعتماد دوکانداروں سے فون خریدیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ فون وارنٹی شدہ ہے۔
پی ٹی اے نے صارفین کو مشورہ دیتے ہوئے مزید کہا ہے کہ وہ ہمیشہ ڈبا پیک موبائل فونز خریدیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ فون کا IMEI نمبر اس کے ڈبے پر موجود نمبر سے مماثل ہے اور باکس پر پی ٹی اے کی مستند اسٹیمپ موجود ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی جی ایچ کیو کے باہر پرامن احتجاج کے بیان کی دوبارہ تصدیق
پی ٹی اے نے ہدایت کی کہ صارفین ویب سائٹ پر اپنے موبائل فونز کی تصدیق کریں یا 8484 پر IMEI نمبر ٹیکسٹ کریں یا DVS ایپ کا استعمال کریں، اگر کوئی صارف سکیم کا شکار ہوچکا ہے تو ایسی صورت میں وہ وینڈر سے رابطہ کریں اور ایف آئی اے کو اس کی اطلاع دیں۔