بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے دائرہ کار کو مزید توسیع،سروس چارجز کٹوتی ختم کی جائے، صدر زرداری

Jul 29, 2024 | 21:12:PM

(اویس کیانی)صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہاہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے دائرہ کار  کو مزید بڑھانا ہوگا، پسماندہ طبقات کی فلاح کیلئے پروگرام کے مستفیض افراد کی تعداد بڑھائیں۔

تفصیلات کے مطابق صدر آصف علی زرداری کو چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام روبینہ خالد نے ملاقات کی،صدر مملکت کو بے نظیر کفالت ، تعلیمی وظائف ، سکالرشپس برائے انڈر گریجویٹ اور نشو نما پروگرام بارے بریفنگ دی گئی،صدر مملکت کو بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے دوران انکم سپورٹ پروگرام کیلئے 598.718 ارب روپے مختص کئے گئے ،بے نظیر کفالت  پروگرام فلیگ شپ پروگرام ہے،کفالت پروگرام کے تحت پاکستان بھر میں اہل خواتین اور خواجہ سراؤں کو غیر مشروط نقد رقم فراہم کی جارہی ہے ۔

صدر مملکت کوبریفنگ دی گئی کہ بے نظیر کفالت پروگرام کیلئے مالی سال 2024-25 کے دوران 93 لاکھ اہل خاندانوں کیلئے461 ارب روپے مختص کئے گئے ، سکولوں میں داخلے بڑھانے ، کم آمدنی والے گھرانوں کے بچوں کو تعلیم کی فراہمی کیلئے 77.18 ارب روپے مختص کئے گئے ، بے نظیر تعلیمی وظائف پروگرام سے 97 لاکھ بچے مستفید ہو سکیں گے ،اس کے علاوہ سکالرشپس برائے انڈر گریجویٹ پروگرام کے تحت 10 ہزار طلبا کو وظائف کی فراہمی کیلئے 1.7 ارب روپے مختص کئے گئے ، غذائیت کی کمی اور نشوونماکے مسائل سے نمٹنے کیلئے 20 لاکھ حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین اور انکے شیر خوار بچوں کو خصوصی خوراک بھی فراہم کی جا رہی ہے۔

صدر آصف زرداری کو بتایا گیا کہ 2022 میں سیلاب کے دوران، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام نے پاکستان بھر میں سیلاب سے متاثرہ 27 لاکھ خاندانوں میں 70 ارب روپے تقسیم کئے،صدر مملکت نے معاشرے کے مستحق اور پسماندہ طبقے کو مالی  ریلیف فراہم کرنے پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو سراہا۔

صدر آصف زرداری نے کہاکہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے دائرہ کار  کو مزید بڑھانا ہوگا،پسماندہ طبقات کی فلاح کیلئے پروگرام کے مستفیض افراد کی تعداد بڑھائیں، صدر مملکت نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا گوادر میں دفتر قائم کرنے کی ہدایت کی،صدر مملکت نے بینکوں کی جانب سے بے نظیر کارڈ ہولڈرز سے 0.45 فیصد سروس چارجز  کٹوتی کا نوٹس لیتے ہوئے کہاکہ سروس چارجز ختم کرنے کیلئے سٹیٹ بینک سے رابطہ کیا جائے ، صدر زرداری نے کہاکہ بینکوں سے انکم سپورٹ پروگرام کے مستحقین کے اکاؤنٹ کھولنے کا کہا جائے ، ادائیگی کے جدید نظام سے پروگرام کے مستفیض افراد کو استحصال سے بچائے  جاسکے گا،صدر مملکت نے زیادہ سے زیادہ مستحق طلبا کو وظائف  کی فراہمی  کیلئے ڈونرز اور پرائیویٹ سیکٹر  کی شمولیت پر زور دیا۔

یہ بھی پڑھیں: جی ایچ کیو پر حملہ، عمران خان نے وضاحت کیساتھ بیان جاری کردیا

مزیدخبریں