(اویس کیانی) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کا پیشکشوں اور ناز نخروں کا زمانہ گزر گیا، اب اُس کی عرضیوں کا زمانہ شروع ہو چکا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیئر رہنما اور سینٹ میں پارلیمانی پارٹی لیڈر سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو مذاکرات کی پیشکشوں اور ناز نخرے اٹھانے کا زمانہ گزر گیا، اب اُس کی عرضیوں کا زمانہ شروع ہو چکا ہے، پی ٹی آئی ایک عرضی لے کر’چوروں‘ اور ’ڈاکوؤں‘ کے دروازوں پر بھی آجائے، آج پارلیمنٹ ہاؤس سے باہر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے دروازے پہلے بھی کھلے تھے، اب بھی کھلے ہیں لیکن اب پی ٹی آئی کو پیشکش کرنے اور ان کے ناز نخرے اٹھانے کا زمانہ گزر چکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب ہماری طرف سے کوئی پیشکش نہیں ہو گی، جب کبھی پی ٹی آئی مذاکرات ضروری سمجھے تو ’چوروں‘ اور’ڈاکوؤں‘کے نام بھی عرضی ڈال دے جس طرح وہ آرمی چیف کے نام ڈال رہی ہے، جب وہ آئیں گے تو ہم دیکھ لیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: بجلی کی قیمتوں اور ٹیکسز پر جماعت اسلامی اور حکومت میں ڈیڈ لاک برقرار
دسمبر میں پی ٹی آئی حکومت آنے کے بارے میں اسد قیصر کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ خواب دیکھنے پر کوئی پابندی نہیں، پی ٹی آئی کے لیڈر خود بھی دیکھ رہے ہیں اور اپنے کارکنوں کو بھی دکھا رہے ہیں، دسمبر بھی گزر جائے گا پھر 2025 شروع ہو جائے گا کچھ نہیں ہونے والا، حکومت ،انشاءاللہ پانچ سال پورے کرے گی۔