پاک بحریہ کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہر دم تیار ہے: نیول چیف

Jun 29, 2024 | 17:29:PM

(24 نیوز) چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف کا کہنا ہے کہ سکستھ جنریشن وارفیئر سے خوش اسلوبی سے نبردآزما ہونے کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس کو اپنانا بحری حکمت عملی کے لیے ناگزیر ہے، پاک بحریہ کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہر دم تیار ہے۔

پاکستان نیول اکیڈمی میں 121ویں مڈشپ مین اور 29 ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد ہوا، پریڈ میں اعلیٰ سول و عسکری عہدیداران، غیر ملکی مندوبین اور کیڈٹس کے والدین نے شرکت کی، چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف پاسنگ آؤٹ پریڈ کے مہمانِ خصوصی تھے، مہمانِ خصوصی نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں انعامات تقسیم کئے، مڈشپ مین عبداللہ وحید نے اعزازی شمشیر جبکہ مڈشپ مین آفتاب احمد نے اکیڈمی ڈرک حاصل کی۔

کمیشن حاصل کرنے والے 98 افسران میں 06 خواتین اور 14 دوست ممالک کے افسران شامل ہیں، نیول اکیڈمی میں بحرین ، جبوتی ،عراق، سری لنکا اور فلسطین کے کیڈٹس زیر تربیت ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ پاک بحریہ میں بالعموم اور میری ٹائم سیکٹر سے منسلک مختلف شعبہ جات میں بالخصوص خواتین کی بڑھتی ہوئی شمولیت قابلِ تحسین ہے، سکستھ جنریشن وارفیئر سے خوش اسلوبی سے نبردآزما ہونے کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس کو اپنانا بحری حکمت عملی کے لیے ناگزیر ہے، بحری بیڑے میں جدید ترین پلیٹ فارمز کی شمولیت انڈین اوشن ریجن کے آنے والے منظر نامے میں انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر دفاع کا افغانستان سے متعلق بیان، مولانا فضل الرحمٰن  کا ردِ عمل بھی آ گیا

نیول چیف نے مزید کہا کہ ہنگور کلاس سب مرینز جدید ترین پلیٹ فارمز کے حصول میں اہم سنگ میل ہے، مسلح افواج ہر قسم کی جارحیت اور دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت پر عزم ہیں، خطے کی ابھرتی ہوئے سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر پاک بحریہ کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہر دم تیار ہے۔

مزیدخبریں