(علی رامے) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں موسلادھار بارش کے پیش نظر پی ڈی ایم اے پنجاب نے الرٹ جاری کر دیا۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ محکمے الرٹ رہیں، صوبائی کنٹرول روم سمیت تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے، پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی 24/7 مانیٹرنگ جاری ہے، 1122 سمیت دیگر ریسکیو ادارے مشینری سمیت عملے کو الرٹ رکھیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا مزید کہنا ہے کہ نشینی علاقوں سے پانی کی نکاسی کو جلد از جلد ممکن بنائیں، شہری احتیاط کریں بجلی کے کھمبوں اور لٹکتی تاروں سے دور رہیں، شہر ی کچے مکانات اور بوسیدہ عمارتوں سے دور رہیں، بچوں کا خاص خیال رکھیں انہیں نشیبی علاقوں میں جمع پانی کے قریب ہرگز نہ جانے دیں۔
دوسری جانب ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ شہری مدد کیلئے پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کر سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور سمیت مختلف شہروں میں موسلادھار بارش،ہر طرف جل تھل ہو گیا
واضح رہے کہ لاہور سمیت دیگر شہروں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش اور ژالہ باری ہوئی، شدید بارش سے جہاں موسم خوشگوار ہوا وہیں شہریوں کو کافی ساری مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، گلیوں بازاروں میں پانی جمع ہونے اور بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے نظامِ زندگی شدید متاثر ہوا ہے۔