(ویب ڈیسک) سندھ کے دارالحکومت کراچی میں قبضہ مافیا بے قابو، سرجانی ٹاؤن میں اپنا پلاٹ دیکھنے آئی حاملہ خاتون کو قبضہ مافیا کے کارندوں نے تشدد کا نشانہ بنا ڈالا،واقعہ کی ویڈیو منظرعام پر آگئی۔
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ سرجانی اجمیر گوٹھ کا ہے جہاں اپنے پلاٹ پر جانے والی خاتون کو قبضہ مافیہ کے کارندوں نے تھپڑ مارے اور قہقہے لگاتے رہے۔ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر ابتدا میں پولیس کا کہنا تھا کہ یہ واضح نہیں کہ واقعہ کہاں پیش آیا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کچھ افراد ایک پلاٹ پر موجود خاتون کو تھپڑ مار رہے ہیں اور اس سے کہہ رہے ہیں کہ اس پلاٹ پر کیوں آئی ہو۔ تشدد کے دوران خاتون دہائی دیتی ہے کہ وہ حاملہ ہے اور اس کے بچے کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
یاد رہے کہ خاتون پر پلاٹ کے تنازع پر تشدد کی وائرل ہونے والی یہ ویڈیو ڈیڑھ سال پرانی قرار دی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق سوشل میڈیا پر خاتون پر تشدد کی وائرل ویڈیو ڈیڑھ سال پرانی ہے اور اس کیس کے تمام ملزمان ضمانت پر ہیں۔
ایس ایس پی ویسٹ حفیظ الرحمٰن بگٹی کے مطابق واقعہ 9 ستمبر 2022ء کو سرجانی کے علاقے اجمیری گوٹھ میں زمینی لین دین کی بناء پر پیش آیا تھا۔ واقعے کا مقدمہ الزام نمبر 1447/2022 متاثرہ خاتون شمائلہ کی مدعیت میں تھانہ سرجانی میں درج ہے۔
مقدمہ ملزمان بنام آیاز، عبدالشکور، ڈاکٹر امین، ہاشم، نبیل، مزمل اور نظام الدین کے خلاف درج کیا گیا تھا۔ ایف آئی آر میں نامرذ تمام ملزمان ضمانت پر ہیں جبکہ مقدمہ معزز عدالت JM-V میں زیر سماعت ہے۔
مزید پڑھیں: 34 سالہ شخص کے پیٹ سے زندہ بام مچھلی برآمد
واضح رہے کہ کراچی کے اطراف میں زمینوں پر قبضہ ہو رہے ہیں،لوگ رقم جوڑ جوڑ کر قسطوں میں پلاٹ لیتے ہیں اور قبضہ مافیا اس پر قبضہ کر لیتی ہے، مذکورہ خاتون بھی اسی قبضے کا شکار ہوئی اور اس پر تشدد بھی کیا گیا۔
ویڈیو بھی قبضہ مافیا کے کارندوں نے ریکارڈ کی اور ریکارڈ کرنے والا شروع سے قہقہے لگا رہا ہے۔ خاتون جب جان بچا کر بھاگتی ہے تو دیگر لوگ بھی قہقہے لگاتے ہیں۔ وہ اس پر آوازے بھی کستے ہیں۔