ٹی 20 ورلڈ کپ ،پاکستان کیلئے پہلا مرحلہ عبور کرنا کتنا آسان،کتنا مشکل ہوگا؟

May 29, 2024 | 17:11:PM
ٹی 20 ورلڈ کپ ،پاکستان کیلئے پہلا مرحلہ عبور کرنا کتنا آسان،کتنا مشکل ہوگا؟
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: 24 News
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اظہر تھراج)مختصر وقت کی کرکٹ کا میلہ اس بار امریکا میں سجنے جارہا ہے،یہ میلہ ایک ایسے ملک میں ہوگا جہاں کے لوگ کرکٹ سے زیادہ واقف نہیں لیکن ہوگا دلچسپ ۔دنیا بھر کے شائقین کرکٹ اس میلے کا بے تابی سے انتظار کررہے ہیں ۔یکم جون سے شروع ہونیوالا ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ تقریباً ایک مہینے تک جاری رہے گا۔کرکٹ شائقین اپنی جگہ بے تاب ہیں تو اس کھیل کے ماہرین بھی جمع خرچ کرنے میں مصروف ہیں ۔تمام 20 ٹیموں کو مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔سب سے دلچسپ گروپ اے ہے جو بظاہر آسان لیکن نتائج الٹ سکتے ہیں اگر نتائج الٹ گئے تو ایونٹ بدمزہ ہوجائے گا۔

آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈکپ 2024 کے گروپ اے میں پاکستان،بھارت،آئرلینڈ،امریکا اور کینیڈا شامل ہیں،یہ گروپ کیسا ہے اور یہاں سے سپر 8 کیلئے کون سی 2 ٹیمیں جائیں گی۔بظاہر پاکستان اور بھارت ہیں لیکن یہاں کچھ اپ سیٹ متوقع ہیں،امریکا نے حال ہی میں بنگلہ دیش کے خلاف 3 میچزکی سیریز 1-2 سے جیتی ہے اور آئرلینڈ نے اپنے ملک میں پاکستان کو ایک میچ میں ہرایا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ساؤتھ ایشین یوتھ ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ، پاکستانی کھلاڑیوں کی اپنی مدد آپ کے تحت بڑی کامیابی
ایونٹ کے شیڈول میں گروپ اے کے میچز اس ترتیب سے ہیں کہ پاکستان اور آئرلینڈ میں ٹائی پڑسکتی ہے۔پہلا میچ امریکا اور کینیڈا کا یکم جون کو ہے۔5 جون کو بھارت اور آئرلینڈ کھیلیں گے،6 جون کو امریکا اور پاکستان میں میچ ہوگا۔7 جون کو کینیڈا اور آئرلینڈ کا میچ ہوگا،9 جون کو پاکستان اور بھارت کھیلیں گے،11 جون کو پاکستان اور کینیڈا کا میچ ہوگا۔امریکا اور بھارت 12 جون کو مدمقابل ہونگے،امریکا اور آئرلینڈ 14 جون کو ٹکرائیں گے۔کینیڈا اور بھارت 15 جون کو کھیلیں گے۔آئرلینڈ اور پاکستان کا میچ 16 جون کو ہوگا۔

اب یہاں ذہن میں رکھیں کہ پاکستان بمقابلہ بھارت میچ اہم ہے جو ٹیم ہارے گی،اس کے پاس دوسری شکست کی گنجائش نہیں ہوگی اور سامنے آئرلینڈ جیسی ٹیم ہوگی،فرض کریں کہ پاکستان بھارت سے ہارتاہے تو پاکستان کیلئے آخری میچ آئرلینڈ سے جیتنا ضروری ہوگا،اگر پاکستان بھارت سے جیت جاتا ہے تو بھارت آئرلینڈ سے پہلے کھیل کر امکانی طور پر جیت چکا ہوگا،اسے کوئی خطرہ نہیں ہوگا۔
امریکا کی ایک جیت،کینیڈا کی سنگل جیت اور پاکستان کی ایک شکست آئرلینڈ جیسی ٹیم کو سپر 8 اور پاکستان کو گھر بھیج سکتی ہے،دیکھنے میں گروپ اے آسان ہے کہ پاکستان اور بھارت کے سامنے کوئی بڑا نام نہیں ہے لیکن یہ ٹی 20 ورلڈکپ ہے،یہی گروپ پورےا یونٹ کو ہلاسکتا ہے،اس کے غیر متوقع نتائج ٹی 20 ورلڈکپ کو بے مزہ کرسکتے ہیں اور ایشیا کی توجہ ہٹاسکتے ہیں۔

Azhar Thiraj

ایڈیٹر سٹاف ممبر،دنیا نیوز،روزنامہ خبریں، نوائے وقت اور ڈیلی پاکستان اور دیگر اداروں میں کام کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں.