تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش، محکمہ موسمیات نے خوشخبری سنا دی

May 29, 2024 | 20:15:PM

(روزینہ علی) محکمہ موسمات نے گلگت بلتستان،کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

محکمہ موسمات کے مطابق آج رات ملک کےبیشتر علاقوں میں موسم گرم اورخشک رہے گا جبکہ بعض مقامات پر تیز اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے، تاہم گلگت بلتستان،کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ (صبح) جمعرات کے روز اسلام آباد اور گر دو نواح میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم شام یا رات میں تیزہوائیں، جھکڑ چلنے اور گرج چمک ہوسکتی ہے، صوبہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم جبکہ جنوبی اضلاع میں شدید گرم رہنے کے ساتھ آندھی اور جھکڑ چلنے کا امکان ہے، تاہم کوہستان ، سوات، چترال، ایبٹ آباد،ہری پور اور مانسہرہ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کی توقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں: تربوز کے سفید حصے کو ضائع کر کے آپ کن چیزوں سے محروم رہ جاتے ہیں؟

صوبہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم جبکہ جنوبی اضلاع میں شدید گرم رہنے کے ساتھ آندھی چلنے کا امکان ہے، تاہم چکوال، راولپنڈی ،جہلم، گجرات، گوجرانوالہ،لاہور، شیخوپورہ،سیالکوٹ اورنارووال میں جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کہ امید ہے، مزید براں مری ،گلیات اور گردو نواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے اورگرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

صوبہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم شد ید گرم رہے گا جبکہ بعض مقامات پر تیزہوائیں چلنے کا امکان ہے، صوبہ  سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم شد ید گرم جبکہ ساحلی علاقوں میں گرم اور مرطوب رہے گا جبکہ بعض مقامات پر تیزہوائیں چلنے کی توقع ہے، کشمیر اور  گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیزہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔

انتباہ:

محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کیا ہے کہ اگلے دو روز کے دوران ملک کے وسطی اورجنوبی علاقے شدیدگرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔

درجہ حرارت:

آج ریکارڈ کیے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں جیکب آباد  اور دادو 51 سینٹی گریڈ کے ساتھ سرفہرست ہیں،  سبی،خیر پور، لاڑکانہ اور موہنجوداڑو 50 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ دوسری نمبر پر ہیں، علاوہ ازیں سکھر، شہید بینظیر آباد ،روہڑی،تربت اور لسبیلہ میں 49، سکرنڈ،پڈعیدن، حیدر آباد اور رحیم یار خان میں 48، قصور، بھکر اور جھنگ میں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی ریکارڈ کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں