(فریحہ بتول)مہنگی بجلی اور آئی پی پیز کے خلاف جماعت اسلامی نے ملک بھر کے مختلف شہرو ں میں احتجاج اور حزب اللہ کے شہید سربراہ حسن نصر اللہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کرنے کا بھی اعلان کردیا۔
جماعت اسلامی نے حکومت کو وعدہ خلاف قرار دے دیا،امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ اب بات دھرنوں میں ہوگی،آئی پی پیز اور مہنگی بجلی کے خلاف ہر صورت باہر نکلیں گے۔
امیر جماعت اسلامی نے 7اکتوبر کو فلسطینیوں سے اظہاریکجہتی کیلئے سڑکوں پر نکلنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ بےلگام اسرائیل کو جواب دینے کا وقت آگیا، دنیا بھر کے عوام اسرائیل کی ناجائز صیہونی ریاست کے خلاف آواز بلند کریں، عوام کل ملک بھر میں لبنان اور فلسطین کی مزاحمتی طاقتوں سے یکجہتی کا اظہار کریں۔
لاڑکانہ میں جناح باغ چوک پر جماعت اسلامی کے کارکنوں نے دھرنا دے دیا،مظاہرین کا کہنا ہے کہ حکومت نے 45 دن گزر نے کے باوجود معاہدے پر عمل نہیں کیا۔تھرپارکر کے علاقے مٹھی میں جماعت اسلامی کی جانب سے ریلی نکالی گئی، جس میں شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور کندھ کوٹ میں جماعت اسلامی کی جانب سے ٹاور چوک پر احتجاجی کیمپ کا انعقاد کیا گیا ۔
مقرر نے کہا کہ حکومت کی جانب سے وعدہ خلافی کی جارہی ہے، حکومت ریلیف دینے کے بجائے عوام کا گلا گھوٹ رہی ہے اور تمام حکومتی اتحادی جماعتیں خاموش ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :راولپنڈی میں احتجاج، پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف 3 تھانوں میں مقدمات درج
دوسری جانب جماعت اسلامی نے راولپنڈی میں آج ہونے والا دھرنا ملتوی کر دیا۔جماعت اسلامی نے 29 ستمبر کو مری روڈ پر لیاقت باغ چوک میں دھرنے کی کال دی تھی، راستوں کی بندش اور امن وامان کی مخدوش صورتحال کے باعث دھرنا ملتوی کیا گیا۔
سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی راولپنڈی نے تبایا کہ دھرنا اب اگلے جمعہ کو دیا جائے گا۔لاہور میں وحدت روڈ پر دھرنا ہوگا ۔