بینک فراڈ کے 31 متاثرین کو 24.136 ملین روپے واپس دینے کا حکم
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی)بینک فراڈ کے 31 متاثرین کو 24.136 ملین روپے واپس ملیں گے،صدر مملکت نے 31 درخواستوں پر فیصلہ سنادیا ۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے چھ بینکوں کو بینک فراڈ کے 31 متاثرین کو 24.136 ملین روپے واپس کرنے کی ہدایت کردی گئی ،صدر مملکت نے بینکنگ محتسب کے فیصلوں کے خلاف دائر 31 درخواستوں پر فیصلے کر دیے،صدر مملکت نے فراڈ متاثرین کے حق میں بینکنگ محتسب کے فیصلوں کو برقرار رکھا۔
فیصلے عوام کو انصاف اور فوری ریلیف فراہم کرنے کے صدر مملکت کے عزم کے عکاس ہیں،صدر مملکت نے یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ کی 12 درخواستوں کو مسترد کر دیا۔
ضرورپڑھیں:کے الیکٹرک نے بجلی قیمتوں کی کمی کیلئے درخواست دیدی
صدر مملکت کی طرف سے یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ کے 12 صارفین کو ایک کروڑ 15 لاکھ روپے واپس کرنے کی ہدایت کی گئی ہے،مسلم کمرشل بینک کے 10 صارفین کو مجموعی طور پر 52 لاکھ روپے سے زائد رقم واپس کرنے کی ہدایت کی گئی ہے،الائیڈ بینک لمیٹڈ کی جانب سے دائر پانچ درخواستیں بھی خارج کر دی گئیں۔
الائیڈ بینک لمیٹڈ کو متاثرہ صارفین کو 40 لاکھ سے زائد رقم واپس کرنے کا حکم دیا گیا ہے،بینک آف پنجاب کی دائر کردہ تین درخواستیں بھی خارج کردی گئیں۔صدر مملکت نے حکم دیا ہے کہ بینک آف پنجاب فراڈ سے متاثرہ 3 صارفین کو 23 لاکھ سے زائد رقم واپس کرے ،عسکری بینک لمیٹڈ کو ایک کیس میں 490,000 روپے واپس کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حبیب بینک لمیٹڈ کے کیس میں ایک صارف کو 420,000 روپے ادا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے،متاثرین کو نوسرباز افراد نے خود کو بینک کا نمائندہ ظاہر کرکے دھوکہ دیا،نوسرباز افراد نے دھوکہ دہی پر مبنی فون کالز کے ذریعے صارفین سے بینکنگ کی حساس تفصیلات حاصل کیں،صارفین سے ذاتی بینکنگ تفصیلات حاصل کرنے کے بعد صارفین کے اکاؤنٹس سے رقوم نکلوا لیں گئیں۔
صارفین نے فراڈ سے ہتھیائی رقم واپس لینے کے لیے بینکوں سے رجوع کیا لیکن ریلیف نہ دیا گیا،متاثرہ فریقوں نے ریلیف کے حصول کیلئے بینکنگ محتسب سے رجوع کی،بینکوں نے محتسب کے فیصلوں کو چیلنج کرتے ہوئے صدر مملکت کو الگ الگ درخواستیں دائر کیں،سماعت اور متعلقہ ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد حتمی فیصلے سنائے گئے۔
صدر مملکت نے کمرشل بینکوں کی بدانتظامی ، مالیاتی دھوکہ دہی سے شہریوں کے بچاؤ میں بینکنگ محتسب کے کردار پر زوردیا،صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بینکنگ محتسب شکایات کے فوری حل کے لیے اہم ادارہ ہے، بینکنگ محتسب طویل قانونی طریقہ کار کے بوجھ کے بغیر متاثرین کو بروقت انصاف فراہم کرتا ہے، عوام بینکنگ تنازعات ، فراڈ سے نمٹنے کے لیے بینکنگ محتسب کی خدمات سے استفادہ کریں۔