(ویب ڈیسک)سائفر کیس میں سزاسنائے جانے پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر سابق وزیراعظم عمران خان نے اہم پیغام جاری کردیا ۔
بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے لکھا ہے کہ میرے پاکستانیو! آپ سب نے یقیناً اب تک میرے وکلا سے سن لیا ہوگا کہ کس طرح آئینی تقاضوں اور قانونی ضابطوں کو روندتے ہوئے سائفر سمیت دیگر جھوٹے کیسز کا ٹرائل مکمل کیا جارہا ہے، یاد رکھیں کہ سائفر وہ کیس ہے جس کو دو دفعہ اسلام آباد ہایئکورٹ کالعدم قرار دے کر ازسرِ نو چلانے کا حکم دے چکی ہے کیونکہ دونوں دفعہ اس کیس کو ایسے ہی آئین اور قانون کو روندتے ہوئے چلانے کی کوشش کی گئی،پھر مجھے اس کیس میں سپریم کورٹ ضمانت بھی دے چکی ہے کیونکہ اس کیس کی ساری عمارت ہی جھوٹ، دھونس، سازش اور فریب پر کھڑی کی گئی ہے اب جبکہ مرکزی گواہوں کے بیانات سے بھی اس کیس میں میرے اور شاہ محمود کے خلاف کچھ نہیں نکلا تو منصوبہ ساز گھبرا گئے ہیں اور اسے قانونی قواعد و ضوابط مکمل کیے بغیر ختم کرنا چاہتے ہیں یہ ٹرائل نہیں بلکہ وہ فکسڈ میچ ہے جسکا نتیجہ لندن پلان کے کرداروں اور منصوبہ سازوں اور انکے مہروں نے پہلے سے طے کررکھا تھا۔
بانی چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ مجھے اس کیس کے فیصلے کا پہلے سے علم ہے یہ لوگ چاہتے ہیں کہ اس کیس میں مجھے ایک سخت سزا سنا کر آپکو اشتعال دلایا جائے تاکہ آپ سڑکوں پہ نکل کر احتجاج کریں تو اس میں اپنے نامعلوم شامل کر کے 6 مئی کی طرز پر ایک دوسرا فالس فلیگ آپریشن کرکے وہ نتائج حاصل کرنے کی کوشش کی جائے جو پہلے فالس فلیگ آپریشن سے حاصل نہیں ہو پائے، دوسرا وہ یہ چاہتے ہیں کہ آپ لوگ مایوس اور بددل ہو کر 8 فروری کو گھروں میں بیٹھے رہیں۔
میرے پاکستانیو! یہی آپکی جنگ ہے اور یہی آپکا امتحان ہے کہ آپ نے پرامن رہتے ہوئے ہر ظلم کا بدلہ 8 فروری کو اپنے ووٹ سے لینا ہے، پچھلے 8 ماہ سے جیلوں میں قید بے قصور پاکستانیوں کو انصاف اور رہائی اب آپکے ووٹ سے ہی ملے گی،میرا ایمان ہے کہ جس طرح کل آپ لوگ خوف کی زنجیریں توڑ کر باہر نکلے ہیں ویسے ہی آپ لوگ الیکشن کے دن کروڑوں کی تعداد میں نکلیں گے اور ووٹ کی طاقت سے لندن پلان کے منصوبہ سازوں کو شکست دیں گے اور انکو بتائیں گے کہ ہم کوئی بھیڑ بکریاں نہیں جن کو چھڑی سے ہانکا جاسکتا ہے۔
میرا ایمان ہے کہ 8 فروری کا دن ہماری فتح کا دن ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: سائفر کیس میں عمران خان کو سزا، بیرسٹر گوہر خان نے پیغام جاری کردیا