قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیداوار نے یوٹیلیٹی اسٹورز کی بندش کی تجویز مسترد کردی

Jan 30, 2025 | 21:07:PM
قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیداوار نے یوٹیلیٹی اسٹورز کی بندش کی تجویز مسترد کردی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)  قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیداوار نے یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کی بندش کی تجویز مسترد کرتے ہوئے حکومت کو اس کے آپریشن جاری رکھنے کی سفارش کر دی۔ 

 جمعرات کے روز چیئرمین سید حفیظ الدین کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیداوار کا اجلاس ہوا جس میں یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی بندش کا معاملہ زیر بحث آیا،پیپلز پارٹی کے ارکان نے تجویز کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ 16 ہزار ملازمین کا روزگار اس ادارے سے جڑا ہے اور اس کے خاتمے کا کوئی جواز نہیں۔

ارکان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں پہلے ہی واضح کیا جا چکا ہے کہ یوٹیلیٹی  سٹورز بند نہیں ہوں گے اور اگر حکومت نے ایسا فیصلہ کیا تو یہ پارلیمنٹ کی توہین ہوگی جبکہ کمیٹی چیئرمین سید حفیظ الدین نے سوال اٹھایا کہ وزیر خزانہ اس ادارے کے خلاف کیوں سرگرم ہیں؟۔

کمیٹی نے حکومت کو یوٹیلیٹی  سٹورز کارپوریشن بند کرنے سے روک دیا اور رولنگ دی کہ حکومت خرابیوں کو دور کرے لیکن ادارہ بند نہ کرے  جبکہ آئندہ اجلاس میں وزیر خزانہ اور وزیر صنعت و پیداوار کو بھی طلب کر لیا گیا،اجلاس میں پاکستان  سٹیل ملز کے مالی بحران پر بھی غور کیا گیا اور وزارت صنعت و پیداوار کے حکام نے بتایا کہ اسٹیل ملز کے ملازمین کی تنخواہیں حکومت سے قرض لے کر ادا کی جا رہی ہیں جبکہ روسی ماہرین کی ٹیم معاملات کا جائزہ لے رہی ہے۔

حکام کے مطابق روس کے ساتھ آن لائن اجلاس ہو چکے ہیں اور روسی ماہرین 23 جون تک حتمی رپورٹ پیش کریں گے،کمیٹی نے سٹیل ملز کو اسکریپ کرنے کے بجائے بحالی کے اقدامات پر زور دیتے ہوئے سٹیل مل کے مالی معاملات کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی باتیں غیر متعلقہ،آفر کو قبول نہیں کیا جاسکتا:بیرسٹر گوہرخان